باورچی خانہ (کچن) کی منفرد سجاوٹ

   

کچن نہ صرف خوبصورت ہو بلکہ اس کی طرز ترتیب،آرائش ذہن کو تروتازگی اور سکون کا احساس دلائے۔ کچن گھر کا وہ حصہ ہے جہاں گھریلو خواتین کو دن کا زیادہ تر وقت گزارنا ہوتا ہے۔کچن کا ماحول خواتین کے مزاج پر بہت حد تک اثر انداز ہوتا ہے۔اس لئے ضروری ہے کہ کچن نہ صرف خوبصورت ہو بلکہ اس کی طرز ترتیب،آرائش ذہن کو تروتازگی اور سکون کا احساس دلائے۔انسان یکسانیت سے بہت جلد اکتا جاتا ہے۔کچن میں یک رنگی تھکن کا احساس دلاتی ہے۔ کچن کی سجاوٹ اور ترتیب میں مختلف طریقوں سے انفرادیت لا کر اس تاثر کو ختم کیا جا سکتا ہے۔کچن کی دلکشی کو ابھارنے کیلئے مختلف رنگوں اور ڈیزائنوں کی ٹائلز بھی استعمال کی جاتی ہیں۔اس سے نہ صرف کچن باآسانی صاف کیا جا سکتا ہے بلکہ کام کرتے ہوئے خوبصورت ڈیزائنر کے باعث آپ کو کچن میں کھڑے ہونے اور کام کرنے کا بھی مزہ آئے گا۔ اگر آپ چاہتی ہیں کہ باورچی خانہ کشادہ اور وسیع لگے تو کاؤنٹر کے رنگ اور ڈیزائن کی مناسبت سے ہی ٹائلوں کا انتخاب کریں۔ یہ کچن کی سجاوٹ کا سادہ مگر پْرکشش انداز ہے۔چھوٹے ڈیزائن کے باورچی خانوں میں پیچیدہ اور گھلے ملے ڈیزائن کی ٹائلز لگانے کی حتی الوسع کوشش کرنی چاہئے۔اس سے کچن کی ترتیب غیر کشادہ دکھائی دیتی ہے۔ اگر آپ چاہتی ہیں کہ کچن قدیم رواج کی عکاسی کرے تو ٹائلز کی بجائے سنگ مرمر،چپس،گرینائٹ اور سیمنٹ کی مدد سے دیواروں کی آرائش کی جا سکتی ہے۔ رنگوں میں ہلکا براؤن ، سنہری ،آف وائٹ،ہلکے سبز اور آسمانی رنگوں کا انتخاب بہتر رہتا ہے۔اگر آپ اپنے باورچی خانے کو جدید یورپین انداز دینا چاہتی ہیں تو شوخ رنگ اور ہاتھ سے پینٹ کی گئی ٹائلوں کا انتخاب بہترین رہے گا۔ان ٹائلوں کا رنگ شفاف نیلا اور سبز ہونا چاہئے۔اس کے علاوہ اگر انہیں الماریوں اور کاؤنٹر کے ہم رنگ بھی کر دیا جائے تو بہتر رہے گا۔آج کل باورچی خانے کی آرائش میں مختلف دھاتوں کا استعمال بھی فروغ پا رہا ہے۔اگر آپ کاؤنٹر ٹاپ کیلئے دھاتوں کا استعمال کروانا چاہتی ہیں تو اس کیلئے کاپر اور سٹین لیس سٹیل کا استعمال نہ صرف خوشنما لگے گا بلکہ اس کی صفائی بھی نسبتاً آسان رہتی ہے۔کچن میں ٹائلز لگاتے وقت اس بات کا خصوصی دھیان رکھیں کہ کچن کی ساخت کیا ہے۔ایسا نہ ہو کہ کچن جدید طرز آرائش کے مطابق ہو اور آپ کی سیٹنگ پرانے انداز کی۔ایسی صورت میں باورچی خانے کی آرائش بدنما معلوم ہو گی۔