نئی دہلی : کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے جمعہ کوگجرات حکومت پرزہریلی شراب کے سانحہ پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی تشویش کی بات ہیکہ بابائے قوم باپو اور سردار پٹیل کی سرزمین پر ایسا ہو رہا ہے ۔راہول نے ریاست میں حکمراں بی جے پی پر اس واقعہ کے پیچھے لوگوں کو بچانے کا الزام لگایا ہے ۔راہول نے ٹویٹ کیاکہ یہ بہت تشویش کی بات ہے ، باپو اور سردار پٹیل کی سرزمین پر، یہ کون لوگ ہیں جو اتنی بے خوفی سے منشیات کا کاروبار کر رہے ہیں؟ کونسی حکمران قوتیں ان مافیاؤں کو تحفظ دے رہی ہیں؟۔کانگریس لیڈر نے کہاکہ ’ڈرائی اسٹیٹ‘ گجرات میں جعلی شراب پینے سے کئی گھر تباہ ہو گئے۔ وہاں سے اربوں کی منشیات بھی مسلسل برآمد ہو رہی ہیں۔ ریاست میں زہریلی شراب پینے سے مرنے والوں کی تعداد 42 ہو گئی ہے اور تقریباً 95 لوگ بھاو نگر، بوٹاڈ اور احمد آباد کے ہاسپٹلس میں اب بھی شریک ہیں۔قابل ذکر ہیکہ بوٹاڈ اور احمد آباد پولیس نے منگل کو تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت تقریباً 20 مجرموں کے خلاف تین ایف آئی آر درج کی اور ان میں سے کم از کم 15 کو اب تک گرفتار کیا جا چکا ہے ۔ گجرات میں زہریلی شراب کا واقعہ پیر کی صبح اس وقت منظر عام پر آیا جب بوٹاڈ کے روزڈ اوراس کے آس پاس کے دیگرگاؤں میں رہنے والے کچھ لوگوں کوزہریلی شراب پینے کے بعد ان کی حالت بگڑنے پر بروالا علاقہ اور بوٹاڈ کے قصبوں کے سرکاری ہاسپٹل میں علاج کیلئے لے جایاگیا۔