با حجاب رہنے کا خواتین کی مرضی پر انحصار: راہول گاندھی

,

   

کانگریس لیڈر کی بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کی طالبات سے بات چیت

علیگڑھ: کانگریس رہنما راہول گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا زور و شور سے اترپردیش میں جاری ہے۔ آج یاترا علیگڑھ پہنچی۔ راہول گاندھی نے علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبا و طالبات سے ملاقات کی اور تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر راہول گاندھی نے حجاب پر اپنے نظریہ کو پیش کیا۔ انہوں نے طالبات سے بات چیت کے دوران کہا کہ ’وہ مانتے ہیں کہ ’خواتین اپنی مرضی سے حجاب پہن سکتی ہیں، حجاب پہننا یا نہ پہننا خواتین کی مرضی پر چھوڑ دینا چاہئے‘۔ انہوں نے کہا کہ خواتین طئے کریں کہ انہیں کس طرح کے کپڑے پہننا ہے، اس میں کسی کو مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔کانگریس پارٹی کی جانب سے اس ملاقات کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا۔ ویڈیو میں طالبات راہول گاندھی سے مختلف موضوعات پر گفتگو کررہی ہیں۔ اس دوران طالبات کے حجاب سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ ’میرا نظریہ یہ ہے کہ خاتون جو پہننا چاہتی ہے، وہ اس کے اوپر ہے۔ اگر وہ عبایا پہننا چاہتی ہے یا کچھ اور پہننا چاہتی ہے تو یہ وہ اس کا فیصلہ ہے۔تعلیمی اداروں میں مسلم طالبات کے باحجاب رہنے پر خاص طور پر بی جے پی حکمرانی کے دوران کرناٹک میں تنازعات ابھرتے رہے۔ کئی جگہ دیکھنے میں آیا کہ باحجاب طالبات کو تعلیمی اداروں میں داخل ہونے سے روکا گیا۔
مودی حکومت نوجوانوں کی
دشمن بن چکی ہے :راہول
نئی دہلی: کانگریس کے لیڈر راہول گاندھی نے مودی حکومت کو نوجوان مخالف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملازمتیں فراہم کرنے والی کمپنیوں کو فروخت کیا جارہا ہے اور سرکاری ملازمتوں میں بھرتی کے پیپر لیک ہونے کے واقعات نے واضح کردیا ہیکہ مودی حکومت ملک کے مستقبل کی دشمن بن گئی ہے ۔ راہول نے کہا کہ مودی حکومت ملک کے مستقبل کی دشمن بن چکی ہے ۔ کہیں طلباء بھرتی کیلئے ترس رہے ہیں، کہیں طلباء پیپر لیک ہونے کی وجہ سے مایوس ہیں، کہیں طلباء تقرری کیلئے عدالت جاتے ہیں اور کہیں انہیں آواز بلند اٹھانے پر لاٹھیوں سے پیٹا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آر او۔ اے آر او سے لیکر پولیس بھرتی تک اور ریلوے سے لیکر فوج تک، بی جے پی حکومت ایک بھی امتحان کو منصفانہ طریقے سے کرانے میں ناکام رہی ہے ۔ بی جے پی حکومت اپنا غصہ نوجوانوں پر نکال رہی ہے۔ روزگار پیدا کرنے والے ادارے اپنے دوستوں کو فروخت کرنا اور نوجوانوں کو ٹھیکے پر رکھنا مودی کی پالیسی ہے اور استحصال مودی کی گارنٹی ہے۔ راہول نے کہاکہ مودی حکومت نے طلباء اور ان کے کنبوں کے خوابوں کو گرہن لگا کر ان سے امید کی روشنی چھین لی ہے ۔ اس جرم کیلئے تاریخ نریندر مودی کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔