یوم آزادی کے موقع پر مولانا ارشد مدنی کا ٹوئٹ
نئی دہلی : امیر الہند حضرت مولانا سید ارشد مدنی نے 75ویں یوم آزادی کے موقع پر ٹوئٹ کرکے کہا کہ ’جس طرح ملک کی آزادی کے لیے ہندو اور مسلمان مل کر لڑے تھے، ہمارا ماننا ہے کہ ہمیں اسی طرح مل کر نفرت کے خلاف لڑنا چاہئے، کیونکہ ملک نفرت سے نہیں محبت سے چل سکتا ہے یعنیٰ ترقی کرسکتا ہے‘۔جمعیت علمائے ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی نے اپنے سلسلہ وار ٹوئٹ میں فرقہ پرستوں سے سوال کیا کہ ’بتاؤ تم نے ملک کی آزادی کے لیے کیا کیا جبکہ تمہاری ماؤں نے تمہیں اس وقت جنم بھی نہیں دیا تھا، تمہیں کیا معلوم آزادی کیا ہوتی ہے؟‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’تم نے صرف نفرت کی ہے جبکہ ہم نے قربانیاں دی ہیں اور جیلوں میں زندگیاں گذاری ہیں‘۔ہندی زبان میں کئے گئے ایک اور ٹوئٹ میں مولانا نے بی جے پی زیرقیادت مودی حکومت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’آج چین ہماری سرزمین پر قبضہ کئے ہوئے ہے، لیکن آپ باتوں کے سوا کچھ نہیں کر سکتے، آپ نے جس طرح کی سیاست اختیار کی ہے اس سے ملک تباہ ہو جائے گا، آپ نے نفرت کی سیاست کی ہے جس سے کبھی امن نہیں لایا جاسکتا‘۔واضح رہے کہ مولانا ارشد مدنی نے متعدد مرتبہ قوم و ملت کی رہنمائی کی ہے۔ آج ان کا ٹوئٹ برسراقتدار لوگوں کی آنکھیں کھولنے کیلیے کافی ہے۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں جہاں ایک طرف ملک کی موجودہ حالت پر اپنے شدید کرب کا اظہار کیا وہیں دوسری جانب انہوں نے ملک و قوم کی بقا کیلیے حکمرانوں کو راہ راست پر آنے کی دعوت بھی دی ہے۔