پریاگ راج: اترپردیش کے ضلع پریا گراج کے مختلف تھانہ علاقوں میں گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں 6افراد کی موت ہوئی ہے جبکہ دیگر کچھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس نے منگل کو بتایا کہ کھیت میں دھان کی روپائی کرتے وقت بجلی گرنے اور اس کی زد میں آنے سے گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران ایک نوجوان سمیت چھ افراد کی موت ہو ئی ہے ۔ چیف منسٹر ادتیہ ناتھ نے اس جانی نقصان پر رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے اہل خانہ کو چار ۔ چار لاکھ روپئے مالی تعاون دینے کا اعلان کیا ہے ۔پولیس کے مطابق ضلع کے کوراؤں، سرائے ممریج،میجا، مانڈا، بارا اور اتراواں تھانہ علاقے میں تھان کی روپائی کرتے وقت بارش کے دوران بجلی گرنے سے اس کی زدمیں آکر ایک نوجوان اور پانچ خواتین کی موت ہوگئی جبکہ کئی دیگر جھلس گئے۔ زخمیوں کو ضلع کے الگ الگ اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کوراؤں تھانہ علاقے میں موڈو گاؤں میں ایک کھیت میں دھان کی روپائی کرتے ہوئے سونوکول (25)کی موت ہوگئی جبکہ اس کے ساتھ موجود دیگر افراد بری طرح سے جھلس گئے جن کو کوراؤں کمیونٹی ہیلتھ سنٹر (سی ایچ سی) میں داخل کرایا گیا ہے ۔وہیں سرائے ممریج تھانہ علاقے کے ناصر پٹی گاؤں میں دھان کی روپائی کر رہی رمیش چندر کی 25 سالہ بیٹی بھی بجلی کی زد میں آنے سے شدید طور سے زخمی ہوگئیں۔
اور موقع پر ہی ان کی موت ہوگئی جبکہ ساتھ میں کچھ دیگر مزدور بال بال بچ گئے ۔