نئی دہلی: چیف جسٹس آف انڈیا این وی رمنا نے ہفتہ کو کہا کہ بحث و مباحثے اور بہتر فیصلوں کے ذریعے ملک کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔ ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس رمنا نے کہا کہ ‘مجھے ڈر ہے کہ ہم سماجی انصاف کے اپنے آئینی مینڈیٹ کو پورا کرنے میں ناکام ہو سکتے ہیں۔ اس لیے میں آپ سے گزارش کرتا ہوں کہ اس پر آپ بات چیت کریں، بحث ومباحثہ کریں اور فیصلہ کریں۔ یہی وہ اصول ہے جس پر میں بھی پوری طرح عمل کر رہا ہوں۔”چیف جسٹس رمنا نے کہا کہ مسائل کو چھپانے سے ان کا کوئی حل نہیں نکل سکتا۔ اگر ہم ان مسائل پر بات نہیں کرتے ہیں، اگر تشویش کے معاملات پر بات نہیں کی گئی تو نظام تباہ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چند لوگ ہی عدالتوں تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں جبکہ اکثر خاموش ہوجاتے ہیں ۔