بحرین میں اسرائیلی سفارتخانہ کا افتتاح، عوام کا احتجاج

,

   

بحرین کی سرکاری ایئرلائن گلف ایئر نے 30 ستمبر کو اسرائیل کیلئے پہلی اڑان بھری

مناما ۔ اسرائیلی وزیر خارجہ یائر لیپید نے بحرین کے دارالحکومت مناما میں اپنے ملک کے سفارت خانہ کا افتتاح کردیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق یائر لیپید نے جمعہ کے روز اپنے بحرینی ہم منصب عبداللطیف زیانی کے ساتھ اسرائیلی سفارت خانے کا افتتاح کیا۔ انہوں نے شاہ بحرین حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے بھی ملاقات کی۔ بحرین اور اسرائیل کے درمیان گزشتہ سال سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد یہ کسی اسرائیلی وفاقی وزیر کا پہلا دورہ بحرین ہے۔ اس موقع پر بحرین کے باشندوں نے اسرائیلی وزیراعظم کی آمد کے خلاف احتجاج مظاہرہ کیا۔ مناما اور مختلف مقامات پر بینر اٹھائے شہری سڑکوں پر نکل آئے، جن پر صہیونی ریاست سے تعلقات کے قیام، فلسطینیوں پر مظالم اور اسرائیلی وزیر خارجہ کی آمد کے خلاف نعرے درج تھے۔ دونوں ممالک کے درمیان 5 مختلف معاہدوں پر دستخط بھی کیے گئے، جن میں اسپتالوں، پانی اور بجلی کی پیداوار میں تعاون کے معاہدے شامل ہیں۔ اسرائیلی ترجمان کے مطابق بحرین معیشت اور ٹیکنالوجی کے میدان میں اسرائیل سے خصوصی تعاون چاہتا ہے۔ اسرائیلی وزیر خارجہ کے دورہ مناما کے دوران ان شعبوں میں تعاون کے منصوبوں پر بھی دستخط کیے گئے۔ اسرائیل اور بحرین کے درمیان اب تک 12 منصوبوں پر دستخط کر چکے ہیں، جن میں ٹرانسپورٹ، زراعت، ابلاغیات اور معیشت میں تعاون بھی شامل ہے۔ اس موقع پر بحرین کی سرکاری ایئر لائن گلف ایئر نے جمعرات کے روز تل ابیب کے لیے پہلی اڑان بھری۔ بحرین اور متحدہ عرب امارات نے گزشتہ سال کے دوران امریکہ کی ثالثی میں اسرائیل سے سفارتی تعلقات کے قیام کا معاہدہ کیا تھا، جسے فلسطینیوں کی حمایت میں بحرین کے عوام مسترد کرتے ہیں۔