بحرین کیساتھ سفارتی تعلقات استوار کرنے اسرائیل کی توثیق

   

تل ابیب: اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو کے ترجمان اوفیر گینڈیلمین نے بتایا کہ کابینہ نے اتوار کے روز اسرائیل اور بحرین کے مابین سفارتی اور پرامن تعلقات کے قیام کے مشترکہ اعلامیے کی منظوری دی ہے۔بحرین کی حکومت نے دو ماہ قبل اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے پر اتفاق کیا تھا اور دونوں ممالک کے مابین وائٹ ہاؤس میں ایک معاہدہ طے پایا تھا۔امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ اور اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو نے بحرین اور اسرائیل کے مابین امن معاہدہ پر اتفاق کیا۔گذشتہ 18 اکتوبر کو بحرین اور اسرائیل نے منامہ میں معاہدے پر دستخط کیے ، دونوں ممالک کے درمیان متعدد شعبوں میں تعاون کی مشترکہ یادداشتوں جن میں مالی اور معاشی یادداشتیں بھی شامل ہیں پر دستخط کیے گئے۔اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو نے بحرین کے وزیر خارجہ اور امریکی وزیر خزانہ کو تعاون کی یادداشتوں پر دستخط کرنے پر مبارکباد پیش کی۔بحرین کے وزیر خارجہ عبدالطیف بن راشد الزیانی نے اس وقت کہا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کے معاہدے پر دستخط ہوچکے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ریاست اسرائیل کے ساتھ قیام امن معاہدے کا اعلان اور تعاون کی یادداشتوں کی منظوری سے مملکت بحرین اور ریاست اسرائیل کے مابین ایک نتیجہ خیز باہمی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوگا جو خطے میں امن کی بنیادوں کو مستحکم کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔