بحیرہ احمر میں کشتی میں آتشزدگی ،3 برطانوی سیاح لاپتہ

   

قاہرہ: مصر کے بحیرہ احمر کے ریزارٹ شہر مارسا عالم کے قریب ساحل پر 27 افراد کو لے جانے والی ایک کشتی میں اتوار کی صبح آگ لگنے سے تین برطانوی سیاح لاپتہ ہوگئے ۔بحیرہ احمر کی انتظامیہ نے ایک بیان میں بتا یا ہے کہ کشتی پر سوار 15 برطانوی سیاحوں میں سے 12، عملے کے 10 مصری ارکان دو مصری ٹور گائیڈز کے ساتھ ایک دیگر کو بچالیاگیا ہے ، جبکہ تین لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے ۔بیان میں بتایا گیا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق کشتی کے انجن روم میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔بحیرہ احمر کی انتظامیہ کے سیکرٹری جنرل محمد بیندری نے بتایا کہ یہ حادثہ ایلفنسٹن علاقے کے ساحل پر مارسا عالم سے تقریباً 25 کلومیٹر شمال میں پیش آیا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ پولیس حادثے کی تحقیقات کر رہی ہے ۔