ممبئی ۔ 13 ستمبر (ایجنسیز) افتتاح کے محض 2 ماہ بعد ہی فلائی اوور میں خامیاں دکھائی دینے لگی تھیں۔ اس کے بعد مسافروں نے اس فلائی اوور کو ’پھسلن علاقہ‘ قرار دے دیا۔ مہاراشٹر کے کلیان۔شیل روڈ پر پلاوا فلائی اوور کو سالوں کے انتظار کے بعد عوام کے لیے کچھ ماہ قبل ہی کھولا گیا ہے۔ اس کا افتتاح ہوئے ابھی چند ماہ ہی ہوئے ہیں، لیکن جگہ جگہ گڑھے نظر آنے لگے ہیں۔ ممبئی کے اس فلائی اوور کی حالت دیکھ کر یہ بدعنوانی کی ایک نئی مثال معلوم پڑ رہا ہے۔ 72 کروڑ روپے کے خرچ سے اس پْل کی تعمیر ہوئی تھی، لیکن اس کا استعمال شروع ہوتے ہی اس میں بڑے بڑے گڑھے پڑنے شروع ہو گئے۔ کلیان شیل روڈ پر بنے اس فلائی اوور کا 562 میٹر لمبا، 2 لین والا حصہ ایک منظور شدہ 4 لین والے پروجیکٹ کا حصہ ہے۔ 72 کروڑ روپے خرچ کر تقریباً 7 سالوں کے انتظار کے بعد رواں سال کے شروع میں ہی اس پْل کی تعمیر کا کام مکمل ہوا تھا۔ اسے شیل پھاٹا اور کلیان کے درمیان ٹریفک کو کم کرنے اور نوی ممبئی کی طرف جانے والے کلیان، ڈومبیولی ، الہاس نگر اور امبرناتھ کے شہریوں کے لیے بنایا گیا تھا، تاکہ لوگوں کو سفر میں آسانی ہو سکے۔ اس فلائی اوور کو ایک اہم ترقیاتی کام قرار دیا گیا تھا، لیکن 7 ماہ میں ہی بن چکے گڑھوں کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے کبھی بھی بڑا حادثہ رونما ہو سکتا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ افتتاح کے محض 2 ماہ بعد ہی فلائی اوور کی تعمیر میں موجود خامیاں دکھائی دینے لگ گئی تھیں۔ اس کے بعد مسافروں نے اس فلائی اوور کو ’پھسلن علاقہ‘ قرار دے دیا۔ نئے کھلے حصے پر ڈھیلی بجری، کیچڑ سے بھرے پیچ، سیمنٹ کی چھینٹیں اور خراب طریقہ سے بچھائی گئی تارکول سے عوام بہت ناراض ہیں۔ ایک ویڈیو بھی اس فلائی اوور کی وائرل ہو رہی ہے، جس میں فلائی اوور پر بڑے بڑے گڑھے صاف دیکھے جا سکتے ہیں۔