برطانیہ کوقتل کے مقدمے میں 27 سال سے مطلوب شخص پاکستان سے گرفتار

   

لندن :وفاقی تحقیقاتی ادارے کے حکام نے برطانیہ کو مطلوب ایک ایسے شخص کو گرفتار کر لیا ہے جو 27 برس قبل مبینہ طور پر ایک شخص کو قتل کر کے برطانیہ سے فرار ہوا تھا اور پاکستان میں مقیم تھا۔ایف آئی اے کے مطابق یہ شخص برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کو قتل کے اسی مقدمے میں گذشتہ 27 سال سے مطلوب تھا۔ایف آئی اے کے اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سرکل اسلام آباد زون کے ایڈشنل ڈائریکٹر شیخ زبیر احمد نے میڈیاکو بتایا کہ ملزم نے مئی 1995 میں ویلز، برطانیہ میں ایک ایشین باشندے کو ’قتل کیا تھا اور قتل کرنے کے بعد برطانیہ سے فرار ہو کر پاکستان آ گیا تھا۔‘انھوں نے کہا کہ برطانوی پولیس نے ملزم کو اس مقدمے میں اشتہاری اور مطلوب قرار دیا تھا۔