برقی شرحوں میں اضافہ ‘غریبوں کوشاک: ریونت

   

حیدرآباد۔24۔ مارچ (سیاست نیوز) صدرپردیش کانگریس ریونت ریڈی نے ریاست میں برقی شرحوں میں اضافہ کے فیصلہ کی مخالفت کی ہے۔ انہوںنے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے غریبوں اور متوسط طبقات میں ہر ایک کو شرحوں میں اضافہ کے ذریعہ کرنٹ شاک دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈسکامس کے خسارہ کے نام پر غریبوں اور متوسط طبقات کے بوجھ میں اضافہ کردیا گیا جو ہرگز قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے پٹرول ، ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی کی طرح کے سی آر بھی عوام کو لوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف ٹی آر ایس کا احتجاج ایسا ہی ہے جیسے چور خود دوسرے کو چور چور کہہ کر مخاطب کرے۔ عوام کے ساتھ دھوکہ دہی اور معاشی بوجھ میں اضافہ کیلئے دونوں برابر کے ذمہ دار ہیں۔