ممبئی ۔ 26 ستمبر (یو این آئی) دنیا میں مارشل آرٹس کی بات ہو اور بروس لی کا نام نہ آئے ، ایسا ممکن نہیں۔ اپنی برق رفتاری، غیر معمولی جسمانی صلاحیت اور منفرد انداز کے باعث بروس لی نے نہ صرف مارشل آرٹس کو ایک نئی پہچان دی بلکہ ہالی ووڈ میں بھی اپنی ایسی شناخت قائم کی جو آج کئی دہائیاں گزرنے کے باوجود برقرار ہے ۔ مختصر زندگی میں انہوں نے شہرت کی وہ بلندی حاصل کی جس نے انہیں ایک اداکار سے بڑھ کر عالمی ثقافتی آئیکون بنا دیا۔ بروس لی کی کہانی محض ایک فائٹر یا فلمی ستارے کی داستان نہیں بلکہ عزم، محنت اور اپنے فن میں کمال حاصل کرنے کی جدوجہد کی کہانی ہے ۔ بروس لی کو اگر مارشل آرٹ کا بادشاہ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ فلمی دنیا اور مارشل آرٹ سے دلچسپی رکھنے والے ایسے تو بہت کم ہی لوگ ہو ں گے جو بروس لی کے نام سے واقف نہیں ہوں گے ۔ بروس لی کو مارشل آرٹس کابادشاہ کہا جاسکتا ہے ۔اسی کے ساتھ وہ ہالی ووڈ کے معروف اداکار بھی تھے ۔ بروس لی 27 ستمبر1940 کو سان فرانسسکو کے چائنا ٹاون میں پیدا ہوئے ۔برولی کا اصلی نام لی یومین کیم تھا۔ بروس نام انھیں جہاں وہ پیدا ہوئے تھے اس اسپتال کی نرس نے دیا تھا۔ بروس لی کے والدین ان کی پیدائش کے ایک برس بعد انہیں ہانگ کانگ لے آئے تھے ۔ان کے والد ایک اسٹار تھے یہ ہی وجہ تھی کہ تین برس کی عمر میں ان کو فلموں میں کام کرنے کا موقع مل گیا۔ بروس لی ، محض 16سال کی عمر میں تقریباً 20 فلموں میں کام کرچکے تھے ۔ ان کی سب سے مشہور فلم Enter the Dragon تھی۔