برہنہ فوٹو شوٹ : رنویر سنگھ نے پولیس میں حاضری کیلئے مہلت طلب کی

   

ممبئی : مکمل برہنہ بدن کی نمائش کے معاملے میں اداکار رنویر سنگھ نے ان کے خلاف داخل ایف آئی آر کے سلسلے میں پولیس کی جانب سے سمن کئے جانے پر حاضر ہونے کے لئے دو ہفتوں کی مہلت طلب کی ہے ایک پولیس افسر نے یہ باتیں بتائی۔اداکار کو 22 اگست بروز پیر کو مقامی چمبور پولیس اسٹیشن میں حاضر ہونے کا سمن دیا گیا تھا لیکن رنویر کے وکیل نے آج ایک تحریری درخواست دیے کر پیر کو حاضر ہونے پر معزوری ظاہر کرتے ہوئے دوہفتوں کی مہلت طلب کی ہے نیز ، نئی تاریخ طے کرنے کے بعد پولیس کی جانب سے تازہ سمن جاری کیے جائیں گے ۔ عہدیدار نے کہا۔اس سے قبل ممبئی پولیس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ ‘اداکار رنویر سنگھ نے اپنی عریاں تصاویر آن لائن پوسٹ کرنے کے ساتھ ساتھ ایک میگزین میں بھی شائع کیں اور ان سے پیسے کمائے ، ساتھ ہی انہوں نے نوجوان نسل کو خراب کرنے اور معاشرے کو خراب کرنے کی کوشش کی۔ مزید یہ کہ اس کی حرکتوں سے خواتین کے ذہنوں میں شرمندگی کا احساس پیدا ہوا۔ اس لیے شکایت کنندہ کے بیان کی بنیاد پر ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔