بر وقت طبی امداد نہ ملنے پر ماں محفوظ ، بچہ فوت

,

   

ندی کے بہنے پر ارکان خاندان نے حاملہ کو اسٹریچر پر برج پار کروایا
حیدرآباد :۔ بروقت طبی امداد نہ ملنے پر حاملہ خاتون کے پیٹ میں ہی بچہ نے دم توڑ دیا ۔ ندی کے تیزی سے بہنے اور برج نہ مکمل ہونے سے ارکان خاندان نے حاملہ خاتون کو اسٹریچر پر برج پار کروایا ۔ ہاسپٹل پہونچنے میں تاخیر ہونے پر ماں تو بچ گئی مگر بچہ نہیں بچ پایا ۔ تفصیلات کے بموجب کوٹ پلی منڈل مارے پلی تانڈے کی رکنی بائی 9 ماہ کی حاملہ تھی زچگی کے درد محسوس ہونے پر ارکان خاندان نے 108 ایمبولنس کو اطلاع دی اور حاملہ کو لے کر تانڈور روانہ ہوئے ۔ راستے میں غازی پور کی ندی بھر کر بہہ رہی تھی اور نا مکمل برج کی وجہ سے سڑک پر پانی تیزی سے بہہ رہا تھا اور گاڑیوں کی آمد و رفت پوری طرح بند ہوچکی تھی ۔ جس پر ارکان خاندان نے بڑی مشکل سے حاملہ خاتون کو اسٹریچر کے ذریعہ برج پار کرایا اور سڑک کی دوسری جانب آٹو سے حاملہ خاتون کو تانڈور کے ڈسٹرکٹ ہاسپٹل پہونچایا ۔ ہاسپٹل پہونچنے پر ڈاکٹروں نے حاملہ خاتون پر فوری توجہ دی اور رکنی بائی کی ڈیلوری کی ۔ تاہم اس وقت تک کافی دیر ہوگئی تھی اور بچہ ماں کے پیٹ میں ہی دم توڑ دیا تھا ۔ اس حاملہ خاتون کے ارکان خاندان نے برج نا مکمل ہونے کی وجہ سے بچہ کی موت واقع ہوجانے کا الزام عائد کیا اور حکومت پر زور دیا کہ وہ برج کی تعمیر پر توجہ دیں اور مزید زندگیاں ضائع ہونے سے بچائے ۔۔