بس حادثہ انسانی غلطی کا نتیجہ :آر ٹی او

   

ممبئی : ممبئی کے آر ٹی او (علاقائی ٹرانسپورٹ آفس) کے حکام نے کہا ہے کہ کورلا میں ہوئے خوفناک بس حادثے کی وجہ انسانی غلطی اور مناسب تربیت کی کمی ہو سکتی ہے، جس میں ایک بیسٹ بس نے سات افرادکو ہلاک اور 42 دیگرکو زخمی کردیا۔ پیر کی رات پیش آئے اس واقعے کے فوراً بعد واڈالا آر ٹی اوکی تحقیقاتی ٹیم نے پایاکہ اولیکٹرا برانڈ کی الیکٹرک بس کے بریک درست طریقے سے کام کر رہے تھے۔ یہ الیکٹرک بس جو بریہن ممبئی الیکٹرک سپلائی اینڈ ٹرانسپورٹ (بیسٹ) کی زیرِ انتظام چلائی جا رہی تھی، نے پیر کی رات تقریباً9:30 بجے کورلا (ویسٹ) کے ایس جی باروے مارگ پر پیدل چلنے والوں اورگاڑیوں کو ٹکر ماری۔ بس کے ڈرائیور سنجے مورے (54 سالہ) کو بعد میں گرفتارکرلیا گیا۔ ابتدائی طور پر شبہ تھا کہ حادثے کی وجہ بریک فیل ہو سکتے ہیں۔ ڈرائیور مورے کے خاندان نے بھی دعویٰ کیا کہ بریک فیل ہو ئے تھے اور ڈرائیور نے شراب نہیں پی تھی۔ واڈالا آر ٹی او کی ٹیم، جس کی قیادت موٹر وہیکل انسپکٹر بھارت جادھو کر رہے تھے، نے منگل کی صبح کورلا ڈپو میں بس کا معائنہ مکمل کیا۔ ایک اہلکار، جو اپنا نام ظاہر نہیں کرنا چاہتا تھا، نے کو بتایا کہ آر ٹی او ٹیم نے جب بس کا معائنہ کیا تو اس کے بریک درست کام کر رہے تھے۔ تاہم، تحقیقاتی رپورٹ پیش کرنے سے پہلے وہ کچھ اور چیزوں کی جانچ کرنا چاہتے ہیں۔