نووارد قائدین پارٹی کی پالیسی سے واقف نہیں، چنتن شیور کے فیصلوں پریکم جون کو ورکشاپ
حیدرآباد۔/24 مئی، ( سیاست نیوز) سماج کے بعض طبقات کے خلاف صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کے ریمارکس پر تنازعہ پیدا ہوچکا ہے۔ آل انڈیا کانگریس پروگرام عمل آوری کمیٹی کے صدرنشین مہیشور ریڈی نے کہا کہ مختلف طبقات کے بارے میں ریونت ریڈی کے ریمارکس سے انہیں اختلاف ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مہیشور ریڈی نے کہا کہ ریڈی اور ویلما طبقات کے درمیان کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ چکا راؤ جیسے قائدین نے کانگریس پارٹی کیلئے غیر معمولی خدمات انجام دی تھیں۔ کانگریس پارٹی میں تمام طبقات اور ذاتوں کو مناسب نمائندگی حاصل ہے۔ مہیشور ریڈی نے کہاکہ کانگریس میں تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں اور سماجی انصاف کی فراہمی کانگریس کا نصب العین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کے ریمارکس دراصل ان کی شخصی رائے ہے۔ مہیشور ریڈی نے ریمارک کیا کہ کانگریس میں نووارد قائدین پارٹی کی پالیسی سے واقف نہیں ہیں۔ مہیشور ریڈی نے کہا کہ رعیتو رچہ بنڈہ پروگرام کے ذریعہ ورنگل ڈیکلریشن کو عوام تک پہنچایا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یکم جون اور 2 جون کو کانگریس کی جانب سے حیدرآباد میں ورکشاپ کا اہتمام کیا جائے گا جس میں راجستھان کے چنتن شیور میں کئے گئے فیصلوں پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کمزور اور پسماندہ طبقات کی بھلائی میں سنجیدہ ہے اور 2023 میں پارٹی کا برسراقتدار آنا یقینی ہے۔ر