بغداد اور واشنگٹن کے درمیان بات چیت کا آغاز

   

بغداد۔ 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) عراق میں آج بغداد اور واشنگٹن کے درمیان اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا پہلا دور شروع ہو رہا ہے۔ اس بات چیت کے طریقہ کار کے حوالے سے عراق میں داخلی سطح پر سیاسی اختلاف پایا جاتا ہے۔عراق اور امریکہ کی امور خارجہ کی وزارتوں نے دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی، سیکورٹی اور اقتصادی تعلقات کے مستقبل کے حوالے سے تزویراتی بات چیت شروع کرنے کیلئے اپنی تیاری مکمل کر لی ہے۔عراق میں سْنّی سیاست دانوں نے امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے معاملے میں شیعہ سیاست دانوں کے انفرادی طرز عمل پر نکتہ چینی کی ہے۔ تاہم دوسری جانب انہوں نے اس بات چیت کے انتظامی امور کے سلسلے میں مصطفی الکاظمی کی حکومت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔اس بات چیت کے حوالے سے عراقی سیاست دان منقسم نظر آتے ہیں۔ شیعہ سیاسی قوتوں کی اکثریت کا اصرار ہے کہ عراقی اراضی سے غیر ملکی اور امریکی افواج کے انخلا کی تاریخ مقرر کی جائے۔ دوسری جانب کرد اور سنی حلقے اس کی تائید نہیں کرتے۔