حیدرآباد۔/8 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن تلنگانہ کے حکام نے غیر قانونی طور پر چلائی جانے والی میڈیکل شاپ پر دھاوا کرتے ہوئے 30 ہزار روپئے مالیتی ادویات کے اسٹاک کو ضبط کیا۔ حکام نے سرسلہ ضلع کے اننت نگر میں واقع ایک میڈیکل شاپ پر دھاوا کیا جہاں بغیر لائسنس ادویات کی فروخت کے بارے میں شکایات موصول ہوئی تھیں۔ جی راجو نامی شخص سری لکشمی فارمیسی کے نام سے میڈیکل شاپ چلارہا تھا۔ درگا ہاسپٹل کے احاطہ میں یہ میڈیکل شاپ قائم تھی۔ ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن کے عہدیداروں نے بڑی مقدار میں ادویات کے اسٹاک کا پتہ چلایا۔ 11 مختلف اقسام کی ادویات موجود تھیں جن میں اینٹی بائیوٹکس، اینٹی السر ڈرگس جیسی دوائیں شامل تھیں۔ حکام نے 30 ہزار روپئے مالیتی ادویات کو ضبط کیا۔ ڈرگس انسپکٹر سرسلہ شریمتی ایل آر ڈی بھوانی کی نگرانی میں یہ کارروائی کی گئی۔ حکام نے ادویات کے سیمپلس معائنہ کیلئے روانہ کئے اور مزید تحقیقات کے بعد قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ڈائرکٹر جنرل بی وی کملاسن ریڈی کے مطابق لائسنس کے بغیر ادویات کی فروخت قابل سزا جرم ہے۔ ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ادویات کی فروخت اور غیر قانونی میڈیکل شاپس کے بارے میں ٹول فری نمبر 1800-599-6969 پر شکایت کریں۔1