بقرعید کے موقع پر سماجی فاصلہ اور احتیاطی تدابیر کا مشورہ

   

عرس حضرات یوسفینؒ میں محمد سلیم کی شرکت،درگاہ کے ترقیاتی کاموں کا تیقن
حیدرآباد۔ صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ بقرعید کے موقع پر تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کورونا جیسے موذی وائرس سے نہ صرف خود کو بلکہ افراد خاندان کو بچایا جاسکے۔ محمد سلیم نے آج درگاہ حضرات یوسفین ؒ کی تقاریب عرس میں شرکت کرتے ہوئے غلاف اور چادر گُل پیش کی۔ انہوں نے کورونا وباء سے انسانیت کو نجات اور تلنگانہ کی ترقی کیلئے خصوصی دعا کی۔ حضرات یوسفین ؒ کے عرس کی تقاریب میں عوام کو شرکت کی اجازت نہیں دی گئی ہے کیونکہ کورونا قواعد پر عمل آوری لازمی ہے۔ محدود افراد کے ساتھ مراسم عرس انجام دیئے گئے۔ محمد سلیم نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سماجی فاصلہ کی برقراری کیلئے عرس تقاریب میں عوام کو شرکت کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال کی طرح تقاریب عرس کا اہتمام کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کی جانب سے بقرعید کے بہتر انتظامات کی تیاری کی جارہی ہے اور عید گاہوں میں نماز کی اجازت سے متعلق حکومت کے فیصلہ کا انتظار ہے۔ اس سلسلہ میں جامعہ نظامیہ کے مفتیان کرام سے مشاورت جاری ہے۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ عیدالاضحی کے موقع پر مساجد میں سماجی فاصلہ کے ساتھ نماز عید کا اہتمام کریں۔ انہوں نے کہا کہ وائرس کے خاتمہ کیلئے خصوصی دعاؤں کی ضرورت ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ بقرعید کے موقع پر مسلمان بلاروک ٹوک قربانی کرسکتے ہیں لیکن قربانی اور نماز دونوں مواقع پر سماجی فاصلہ اور دیگر احتیاطی تدابیر کو اختیار کیا جائے۔ انہوں نے قربانی کے موقع پر صفائی کے خصوصی انتظامات کی بھی اپیل کی۔ صدر نشین وقف بورڈ نے بتایا کہ بارگاہ یوسفینؒ کے حوض، وضو خانہ اور بیت الخلاء کی تعمیر کا کام بہت جلد شروع کیا جائے گا۔