بلاول بھٹو۔ بلنکن ٹیلیفونک بات چیت

   

اسلام آباد؍ واشنگٹن : وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ٹیلیفون کیا جس میں دونوں اطراف نے پاک امریکہ تعلقات کی موجودہ مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے منگل کو جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے دیرینہ اور وسیع البنیاد تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران چھ مذاکرات کے علاوہ اعلیٰ سطح کے دوروں کے تبادلے نے تعلقات کو متنوع بنانے میں مدد دے کر اسے مستحکم کیا ہے۔وزیر خارجہ نے اقتصادی اور تجارتی تعلقات سے منسلک ترجیح سمیت موسمیاتی تبدیلی اور گرین انرجی پر تعاون کو آگے بڑھانے میں پاکستان کی خصوصی دلچسپی پر زور دیا۔ امریکی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ پاکستان کی اقتصادی اور ترقیاتی ضروریات کو تقویت فراہم کرے گا اور پاکستان اپنی معیشت میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات لانے کیلئے پرعزم ہے تاکہ اسے کاروبار اور غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے مزید مسابقتی اور پرکشش بنایا جاسکے۔