بلدیات کی 90 فیصد نشستوں پر ٹی آر ایس کی کامیابی کا دعویٰ

,

   

عوام اپوزیشن پر بھروسہ کرنے تیار نہیں، رکن کونسل راجیشور ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔22 جنوری (سیاست نیوز) ٹی آر ایس رکن کونسل اور فارمرس کوآرڈینیشن کمیٹی کے صدرنشین پی راجیشور ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد ہوئے پہلے بلدی انتخابات میں رائے دہی پرامن رہی اور عوام نے ٹی آر ایس کے حق میں جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجیشور ریڈی نے کہا کہ ریاست بھر میں 80 فیصد رائے دہی کی اطلاعات ملی ہیں۔ نئی قائم شدہ میونسپلٹیز اور کارپوریشنوں میں رائے دہندوں نے بھاری تعداد میں پولنگ میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہی کے سلسلہ میں نوجوانوں کا جذبہ قابل دید اور سابق ستائش رہا۔ راجیشور ریڈی نے دعوی کیا کہ 90 فیصد نشستوں پر ٹی آر ایس کامیابی حاصل ہوگی۔ رائے دہی کے رجحان سے اندازہ ہوتا ہے کہ رائے عامہ ٹی آر ایس کے حق میں تھی۔ انہوں نے کمہا کہ نتائج کے اعلان کے بعد اپوزیشن جماعتوں کو مایوس ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد سے ہر الیکشن میں عوام نے ٹی آر ایس کی تائید کی۔ کے سی آر کی قیادت میں ترقیاتی اور فلاحی ایجنڈے کو وزیر بلدی نظم و نسق کی حیثیت سے کے ٹی راما رائو نے کامیابی سے پورا کیا۔ شہری علاوں میں عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے کئی اقدامات کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ترقی کو برداشت نہیں کررہی ہیں۔ حکومت کے خلاف بے بنیاد الزام تراشی کی گئی لیکن عوام اپوزیشن پر بھروسہ کرنے تیار نہیں ہیں۔ تلنگانہ سماج نے متحدہ طور پر ٹی آر ایس کی تائید کا فیصلہ کیا ہے اور انہیں پارٹی اور اس کی قیادت پر مکمل بھروسہ ہے۔ راجیشوریڈی نے پارٹی قائدین اور کارکنوں سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے پارٹی کی کامیابی کے لیے کوئی کسر باقی نہیں رکھی۔ انہوں نے کریم نگر کارپوریشن میں ٹی آر ایس کی شاندار کامیابی کا دعوی کیا۔