بلدیہ کاماریڈی پر کانگریس کا قبضہ

   

صدرنشین کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ، بی آر ایس کو عہدہ سے محرومی
کاماریڈی :30؍ مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صدرنشین بلدیہ کاماریڈی جھانوی کیخلاف پیش کردہ کانگریس کی جانب سے پیش کردہ تحریک عدم اعتماد آج کامیاب ہوگئی۔واضح رہے کہ 15 دن قبل صدرنشین بلدیہ جھانوی کیخلاف کانگریس کے 47 ارکان بلدیہ نے تحریک عدم اعتماد پیش کرنے پر ضلع کلکٹر نے آج صدرنشین بلدیہ کو اکثریت ثابت کرنے کیلئے اجلاس طلب کیا تھا جس میں کانگریس نے صدرنشین بلدیہ کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے میں کامیابی حاصل کی ۔ کانگریس پارٹی کے 27 ارکان بلدیہ کے ساتھ ساتھ بی آرایس کے 10 ارکان بلدیہ نے صدرنشین بلدیہ کیخلاف تحریک عدم اعتماد میں حصہ لیا ۔ اس طرح صدرنشین بلدیہ کو ان کے پارٹی کے لوگ ہی ان کیخلاف ووٹ دیتے ہوئے ان کو عہدہ سے محروم کردیا جبکہ بی جے پی تحریک عدم اعتماد کے اجلاس میں شرکت نہیں کی ۔ حکومت کی جانب سے گزٹ جاری ہونے کے بعد دوبارہ صدرنشین بلدیہ کے انتخابات منعقد ہوں گے۔بتایا جاتا ہے کہ صدرنشین بلدیہ اندو پریا کے علاوہ ونیتا صدرنشین بلدیہ کے دوڑ میں ہے اور ہائی کمان کی جانب سے اس بارے میں قطعی فیصلہ کرنے کے امکانات ہیں۔ بی آرایس پارٹی کے اندرونی اختلافات کے باعث بی آرایس کو عہدہ سے محروم ہونا پڑا۔ ضلع کلکٹر جتیش وی پاٹل اس اجلاس میں شرکت کی اور کمشنر میونسپل سجاتا نے اجلاس کی کارروائی چلائی اور جملہ 37 افراد نے صدرنشین بلدیہ کیخلاف ہاتھ اٹھاکر اپنا اپنا وو ٹ ڈالا ۔ اس موقع پر میونسپل کے احاطہ میں پولیس کی جانب سے بھاری بندوبست کیا گیا تھا ۔ میونسپل کے باہر کانگریس پارٹی کے کارکن بڑے پیمانے پر جمع تھے، اجلاس کے بعد کانگریس پارٹی کارکنوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دیکھا گیا ۔