بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس کارکن غفلت نہ برتیں

,

   

عوام کو حکومت کی فلاحی اسکیمات سے واقف کروانے چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت
حیدرآباد۔9جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹر سمیتی قائدین بلدی انتخابات کے معاملہ میں غفلت کا شکار نہ ہوں اور چوکس رہیں اور عوام سے مسلسل رابطہ میں رہیں۔ چیف منسٹر و صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی چندر شیکھر راؤ نے آج پارٹی قائدین کے اجلاس میں یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ بلدی انتخابات میں تلنگانہ راشٹر سمیتی کیلئے حالات سازگار ہیں اوربیشتر سروے ٹی آر ایس کی کامیابی کو یقینی قرار دے رہے ہیں لیکن پارٹی قائدین کو غفلت کا شکار نہیں ہونا چاہئے بلکہ انتخابات میں عوام کے درمیان رہتے ہوئے انہیں حکومت کی پالیسی اور فلاحی سرگرمیوں سے واقف کروانے میں کوتاہی نہیں کرنی چاہئے ۔ چیف منسٹر نے ریاست کے جن اضلاع میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے اثر ات ہیں اور قابل لحاظ تعداد ہے ان میں خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں عوام نے تمام سیاسی جماعتوں کو مسترد کردیا ہے اور تلنگانہ راشٹر سمیتی کو قبول کرکے دو مرتبہ اقتدار حوالہ کیا ہے اسی لئے عوام کے اس اعتماد کو برقرار رکھنے کی ذمہ داری پارٹی قائدین پر ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے پارٹی قائدین کو ہدایت دی کہ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے کیڈر کو نظر انداز نہ کریں بلکہ ان کی سرگرمیوں پر خصوصی نظر رکھتے ہوئے عوام کو واقف کروائیں کہ ریاست میں بی جے پی کس طرح ریاست کے مفادات کو نقصان پہنچا رہی ہے اور عوام کو اس بات سے بھی واقف کروانا ضروری ہے کہ ملک میں بی جے پی کس طرح تفریق اور منافرت کی سیاست کو فروغ دے رہی ہے۔ اجلاس میں وزراء ‘ ارکان اسمبلی ‘ ارکان پارلیمان ‘ ارکان قانون سازکونسل کے علاوہ ضلعی صدور اور دیگر قائدین موجود تھے۔چیف منسٹر نے تمام کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے اضلاع میں عوام کے درمیان پہنچ کر عوام کو واقف کروائیں کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی نہ صرف ریاست کی ترقی کیلئے سرگرم عمل ہے بلکہ حکومت نے حصول تلنگانہ سے قبل جو ہدف رکھے تھے ان کو پورا کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ حکومت کی فلاحی سرگرمیوں اور ان سے ریاست کے عوام کو حاصل فوائد سے بھی شہریوں کو واقف کروانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس قائدین عوام کو یہ بتائیں کہ حکومت مرکزی حکومت کی جانب سے عدم تعاون اور ریاست کو خاطر خواہ بجٹ اور گرانٹ کی عدم اجرائی کے باوجود کس طرح سے عوامی مفادات کے تحفظ اور ریاست کی ترقی کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ چیف منسٹر نے وزراء کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اضلاع کے علاوہ دیگر علاقوں میں جہاں تک وہ پہنچ سکتے ہیں عوام کے درمیان رسائی حاصل کریں اور اپنے تمام امیدواروں کو کامیاب بنانے کی ممکنہ کوشش کریں۔