بلقیس بانو مقدمہ کے مجرمین کی سزاء کی معافی جمہوریت سے مذاق

   

سپریم کورٹ سے مداخلت کی اپیل، نائب صدر جماعت اسلامی ہند پروفسیر سلیم انجینئر کا ردِ عمل
حیدرآباد۔/17 اگسٹ، ( سیاست نیوز) جماعت اسلامی ہند نے گجرات میں بلقیس بانو اجتماعی عصمت ریزی کیس میں سزاء یافتہ قیدیوں کی جیل سے رہائی کی مذمت کی ہے۔ نائب صدر جماعت اسلامی ہند پروفیسر سلیم انجینئر نے یوم آزادی کے موقع پر گجرات حکومت کی جانب سے قیدیوں کی سزاء معاف کرتے ہوئے رہا کرنے کی مذمت کی اور کہا کہ عدالت نے اجتماعی عصمت ریزی اور 7 ارکان خاندان کے قتل کے معاملہ میں عمر قید کی سزاء سنائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ گجرات حکومت کا یہ فیصلہ ایک مخصوص اسمبلی حلقہ میں رائے دہندوں کو خوش کرنے کی کوشش ہے جو انتہائی قابل اعتراض ہے۔ گجرات حکومت کے فیصلہ کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس معاملہ میں سپریم کورٹ مداخلت کرتے ہوئے گجرات حکومت کے فیصلہ پر روک لگادے گی۔ نائب صدر جماعت اسلامی نے کہا کہ قیدیوں کو سزاء کی معافی صرف معمولی نوعیت کے جرائم کے سلسلہ میں کی جاتی ہے۔ قتل اور عصمت ریزی جیسے سنگین معاملات میں سزاء معاف کرنے کی گنجائش نہیں ہے۔ اگر ریاستی حکومت کو سنگین جرائم میں ملوث مجرمین کو رہا کرنے کی اجازت دے دی گئی تو یہ جمہوریت کا مذاق ہوگا اور عوام کا اعتماد انصاف رسانی کے اداروں سے اُٹھ جائے گا۔ پروفیسر سلیم انجینئر نے رہائی کے بعد مجرمین کو تہنیت پیش کرنے اور ان کے استقبال پر افسوس کا اظہار کیا۔ سی بی آئی کی عدالت نے سزاء سنائی تھی جسے ممبئی ہائی کورٹ نے برقرار رکھا تھا۔ 11 مجرمین میں ایک سزاء کی معافی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع ہوا جس پر عدالت نے گجرات حکومت کو درخواست کا جائزہ لینے کی ہدایت دی تھی۔ گجرات حکومت نے ایک پیانل تشکیل دیتے ہوئے تمام 11 مجرمین کی سزاء کو معاف کردیا ہے۔ اس فیصلہ سے فوری دستبرداری اختیار کی جائے تاکہ ملک میں جمہوریت اور قانون کی حکمرانی برقرار رہے۔ر
سٹ ون پر ہیرے جواہرات کی شناخت و کٹنگ کورس
حیدرآباد ۔ 17 ۔ اگست : ( راست ) : حکومت تلنگانہ کی جانب سے جواہرات اور ہیروں کی شناخت وکٹنگ ( جیمس کرافٹ اینڈ جمالوجی ) کورس کا 22 اگست سے عظمت جاہ پیالیس پرانی حویلی سٹ ون پر آغاز ہوگا ۔ سہ ماہی تربیتی کورس کی تکمیل کے بعد سرٹیفیکٹ دیا جائے گا جو ملک و بیرون ملک مستند مانا جاتا ہے ۔ روزگار کے حصول کیلئے رہنمائی کی جائیگی ۔ ساتویں جماعت کامیاب یا 16 سال سے زائد عمر کے خواتین وحضرات استفادہ حاصل کرسکتے ہیں ۔ داخلے جاری ہیں ۔ تفصیلات کیلئے 8801488802 یا سٹ ون پرانی حویلی عظمت جاہ پیالیس پر ربط کرسکتے ہیں ۔۔