بلوچستان میں بم دھماکے ، سات افراد ہلاک

   

اسلام آباد: پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہر پنجگور میں ایک گاڑی کے قریب بم دھماکے میں ایک مقامی سیاست داں، سرکاری افسران اور پولیس سمیت کم از کم سات افراد ہلاک ہو گئے ۔پنجگور کے ڈپٹی کمشنر امجد سومرو نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ شرپسندوں نے بالگتر یوسی چیئرمین اشتیاق یعقوب اور شادی کی تقریب سے واپس آنے والے دیگر افراد کو لے جانے والی گاڑی کو نشانہ بنانے کیلئے ریموٹ سے دھماکہ خیز ڈیوائس نصب کی تھی۔انہوں نے نے کہا کہ جیسے ہی گاڑی بالگتر علاقے کے چکر بازار میں پہنچی تو ڈیوائس میں دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں یوسی چیئرمین سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے ۔انہوں نے واقعہ سے متعلق بتایا کہ جان بحق افراد میں سے 6 کا تعلق بالگتر اور ایک کا تعلق پنجگور پروم سے ہے ۔انہوں نے کہا کہ جاں بحق ہونے والوں میں اشتیاق یعقوب سمیت 6 افراد شامل ہیں جو آپس میں رشتے دار تھے ان کا تعلق ضلع کیچ نلی بازار سے ہے جبکہ ایک پنجگور کا رہائشی ہے اور مقتولین نزدیکی گاؤں میں شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس جارہے تھے ۔