بلوچستان میں فوج پر حملے، 12 جوان ہلاک

   

کوئٹہ : پاکستانی فوج نے بتایا کہ بلوچستان کے ژوب اور سوئی میں الگ الگ حملوں میں بارہ فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے جبکہ سات عسکریت پسند بھی مارے گئے۔ تحریک جہاد پاکستان نامی شدت پسند تنظیم نے حملے کی ذمے داری لی ہے۔ پاکستانی فوج کی میڈیا ونگ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے علاقہ ڑوب میں فوجی چھاونی پر حملے اور سوئی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران 12 فوجی ہلاک ہوگئے۔ رواں برس کسی ایک دن میں دہشت گردوں کے حملوں میں فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔ اس سے قبل فروری 2022 میں بلوچستان کے کیچ ضلع میں عسکریت پسندوں کے حملے میں 10فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔ آئی ایس پی آر کے ترجمان نے بتایا کہ چہارشنبہ کی صبح دہشت گردوں نے ڑوب چھاونی پر حملہ کیا، جس میں نو فوجی ہلاک ہو گئے جبکہ پانچ حملہ آور جوابی کارروائی میں مارے گئے۔