بل گیٹس کے خاتون ملازمہ کیساتھ تعلقات:مائیکرو سافٹ

   

نیویارک: معروف ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ نے بانی بل گیٹس کے خاتون ملازمہ کے ساتھ تعلقات سے متعلق تحقیقات کی تصدیق کی ہے۔دنیا کی امیر ترین شخصیات میں شمار ہونے والی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کے رواں ماہ اپنی اہلیہ کے ساتھ علیحدگی کے اعلان کے بعد خاتون ملازمہ کے ساتھ تعلقات سے متعلق تحقیقات کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں۔ مائیکروسافٹ نے تصدیق کی ہے کہ بل گیٹس کے خاتون ملازمہ کے ساتھ مبینہ تعلقات کی شکایت کے بعد کمپنی کے بورڈ نے ایک بیرونی لا فرم کے ذریعے تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔کمپنی کے ترجمان کے مطابق مائیکروسافٹ کو 2019 کے آخر میں ایک خط موصول ہوا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ بل گیٹس نے سن 2000 میں کمپنی کی خاتون ملازمہ کے ساتھ قریبی تعلقات قائم کرنے کی کوشش کی تھی۔کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ اس معاملے پر تحقیقات کے دوران مائیکرو سافٹ نے شکایت درج کرنے والی ملازمہ کو مکمل مدد بھی فراہم کی۔ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے اتوار شائع کی جانے والی رپورٹ میں کہا تھا کہ مائیکروسافٹ بورڈ نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ بل گیٹس کے خاتون ملازمہ کے ساتھ قریبی تعلقات نامناسب ہیں اور انہیں کمپنی کے بورڈ کے عہدے سے سبکدوش ہونے کی ضرورت ہے۔ تاہم بل گیٹس کے ترجمان نے اس بات کی تردید کی ہے کہ گزشتہ برس بل گیٹس کا کمپنی بورڈ سے سبک دوشی کا فیصلہ ان تعلقات کی تحقیقات کی وجہ سے کیا گیا تھا۔بل گیٹس کے ترجمان نے امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کو بتایا کہ بل گیٹس کا 20 سال قبل ایک افیئر تھا جو کہ خوش اسلوبی کے ساتھ ختم ہو گیا تھا۔ان کے بقول بل گیٹس کا گزشتہ برس اپنی کمپنی کے بورڈ سے سبکدوشی کے فیصلے کا تعلق اس معاملے سے نہیں ہے۔دوسری جانب یہ خبریں بھی سامنے آئی ہیں کہ بل گیٹس جنسی جرائم اور اسمگلنگ کے الزامات میں سزا پانے والے مجرم جیفری ایپسٹین کے ساتھ ملاقاتیں کرتے تھے جو 2019 میں جیل میں انتقال کر گئے تھے۔
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جنرل کی رپورٹ کے مطابق بل گیٹس کی ٹیم نے بورڈ کو یقین دہانی کرائی کہ مائیکرو سافٹ کے بانی جیفری ایپسٹین سے خیراتی کاموں سے متعلق ملتے تھے اور انہیں ایسا کرنے پر افسوس بھی ہے۔