بنڈی بھگیرتھ کی فوری گرفتاری کا مطالبہ، متاثرہ کو انصاف دلانے کی اپیل

   

میدک۔13 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میدک میونسپل کے سابق چیئرمین ملکارجن گوڑ اور بی آر ایس ٹاؤن پارٹی کنوینر و کونسلر مامیلا انجنیلو نے مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ بنڈی سنجے کمار کے فرزند بنڈی بھگیرتھ کو فوری گرفتار کرتے ہوئے قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ میدک ٹاؤن میں منعقدہ میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کمسن لڑکی پر مبینہ جنسی حملہ معاملہ میں حکومت فوری مداخلت کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کیس کی تحقیقات میں جان بوجھ کر تاخیر کی جارہی ہے اور اس معاملہ کو کمزور بنانے کی کوششیں ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون کا اطلاق برسراقتدار جماعت اور عام عوام کیلئے الگ الگ انداز میں نہیں ہونا چاہئے۔ بی آر ایس قائدین نے الزام لگایا کہ ریاستی اور مرکزی حکومتیں مل کر کیس کو دبادینے کی کوشش کررہی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سیاسی اثر و رسوخ کے ذریعہ ملزم کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس موقع پر کرشنا گوڑ، لنگاریڈی، میونسپل کونسلر دیپک کمار، سابق کونسلر آر کے سرینواس، پربھو ریڈی، سائی اور دیگر قائدین موجود تھے۔