بنڈی سنجے کریم نگر کی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے میں ناکام

   

حکومت کی تائید بے فیض ثابت ،کانگریس پارٹی آفس میں ریاستی وزیر پونم پربھاکر کا میڈیا سے خطاب

کریم نگر/24 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر گوڑ نے رکن پارلیمنٹ کریم نگر بنڈی سنجے کمارکور شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوے کہا کہ وہ کم تعلیم یافتہ ہونے کے نتیجے میں کریم نگر حلقہ کی ترقی کیلئے کوئی ٹھوس اقدامات کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں وہ انگلش و ہندی زبانوں سے عدم واقفیت کے نتیجے میں اعلٰی عہدیداروں سے نمائندگی کرنے سے قاصر رہ کر حلقہ کی عوام کی شدید حق تلفی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ ریاستی وزیر پونم پربھاکر آج ضلع مستقر کریم نگر میں کانگریس پارٹی کے دفتر اندرابھون میں منعقد کردہ ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوے کہی۔ انہوں نے سابق رکن پارلیمنٹ کریم نگر بی ونود کمار پر بھی شدید تنقید کرتے ہوے کہا کہ انہوں نے اپنی معیاد کے دوران ریاستی حکومت کی بھر پور تائید ہونے باوجود کریم نگر حلقہ کی ترقی کے لیے ٹھوس اقدامات نہیں کیے۔ ریاستی وزیر اپنی تعلیمی قابلیت کا اظہار کرتے ہوئے بتایاکہ ایس آر آر ڈگری کالج سے انہوں نے ڈگری اور تارناکہ کے کالج سے لا کی ڈگری حاصل کرتے ہوے باضابطہ طور پر حسن آباد بار اسوسی ایشن سے رکنیت حاصل کی انہوں نے ایک سوال کے جواب مین بتایا کہ کانگریس پارٹی کے پارلیمانی امیدوار ویلچلا راجندر راؤ پارٹی قیادت کی جانب سے نامزد ہیں کسی دوسرے امیدوار کی پیش قیاسی خارج از امکان ہے۔انہوں نے پارٹی قائدین اور کارکنوں پرزور دیا کہ وہ متحدہ طور پر جدوجہد کرتے ہوے پارلیمانی حلقہ کریم نگر سے کانگریس امیدوار ویلچلا راجندر راؤ کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ انہوں پر جوش انداز میں ادعا کیا کہ کریم نگر کی ترقی کانگریس پارٹی کے ذریعہ ہی ممکن ہوگی پارلیمانی انتخابات میں کامیابی پر ریاست و مرکزی حکومت کے بجٹوں سے حلقے کی ترقی کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کا انہوں نے اعلان کیا اس موقع پر صدر ضلع کانگریس کمیٹی منا کنڈور ایم ایل اے ڈاکٹر کوم پلی ستیہ نارائنا، امیدوار ویلچلا راجندر راؤ، ایس اے محسن ، عبدالرحمٰن و دوسرے قائدین موجود تھے۔