بنگال و آندھرا میں عہدیداروں کے تبادلوں کی مذمت:ممتا

   

جلپائی گوڑی (مغربی بنگال) /7 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ترنمول کانگریس کی لیڈر ممتابنرجی نے مرکزی حکومت پر ریاستی معاملات میں مداخلت کا الزام لگایا اورالیکشن کمیشن کی جانب سے آندھراپردیش کے چیف سکریٹری کی برخاستگی پر سوال بھی اٹھائے ۔ ممتابنرجی نے کہا کہ وہ جاننا چاہتی ہیں کہ مودی کو اگر آخری لمحات میں تبدیلی کا ایسا ہی شوق ہے تو وہ اپنی کابینہ کے سکریٹری یا مرکزی وزارت داخلہ کے سکریٹری کو کیوں برخاست نہیں کرتے ۔ انہوں نے ایک انتخابی ریلی میں سوال کیا کہ مرکز کیوں ریاستی معاملات میں دخل اندازی کررہا ہے ۔ اے پی کے چیف سکریٹری کو کیوں نکالا گیا ۔ جمعہ کو الیکشن کمیشن نے آندھراپردیش کے چیف سکریٹری انیل چندرا پونیتا کو ان کے عہدے سے ہٹادیا اور ان کی جگہ بہت ہی سینئر آئی اے ایس افسر آئی وی سبرامنیم کا تقرر کیا ۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے مغربی بنگال کے چار آئی پی ایس افسروں کو ہٹانے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ممتا نے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر احتجاج کرتے ہوئے ایک مکتوب بھی روانہ کیا ۔ انہوں نے اپنے مکتوب میں لکھا کہ (چار آئی پی ایس افسروں) کو ان کے عہدے سے ہٹادینا بدبختانہ اور انتہائی بے تکا ، بے اصول ، سیاسی مقصد براری پر مبنی اور متعصبانہ ہے ۔