بنگلورو میں ہیضے کے پھیلنے کی تردید:حکومت

   

موسمی بیماریوں کے لیے ایڈوائزری جاری کی گئی
نئی دہلی: بنگلورو ہندوستان کی سلیکن ویلی‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، کرناٹک کا دارالحکومت گزشتہ چند مہینوں سے پانی کے بڑے بحران سے گزر رہا ہے۔ پانی کے جاری بحران کے درمیان، ہیضے کی وباء کے ایک نئے خوف نے شہر کے مکینوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور جب کہ ہاسپٹلس میں متعدد مریضوں میں ہیضے کی علامات ظاہر ہو رہی ہیں۔ ریاستی حکومت نے شہر میں ہیضے کے پھیلنے کی خبروں سے انکار کیا ہے لیکن ساتھ ہی انہوں نے موسمی بیماریوں کیلئے ایڈوائزری بھی جاری کی ہے۔ تاہم، نجی ہاسپٹلس کے ڈاکٹروں کے پاس بتانے کیلئے ایک الگ کہانی ہے کیونکہ وہ اب بھی مانتے ہیں کہ ہیضے کے متعدد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ محکمہ کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ 2024 میں کرناٹک میں ہیضے کے کل چھ کیس رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے ایک فروری کا ہے اور باقی پانچ مارچ سے ہیں۔ ابھی تک، اپریل میں ریاست میں ہیضے کا کوئی کیس نہیں ہے۔