بنگلور کے کیفے میں دھماکہ کا ملزم سی سی ٹی وی میں قید

,

   

بنگلورو : کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور کے رامیشورم کیفے دھماکے کا مشتبہ ملزم سی سی ٹی وی میں قید ہوگیا تاہم سیکوریٹی ایجنسیاں اب اس کی شناخت کرکے فوری اسے گرفتار کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ یکم مارچ کی دوپہر بنگلور کے مشہور کیفے میں ہوئے دھماکہ میں عملہ اور گاہکوں سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ اس دھماکہ میں کوئی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔دھماکہ کے بعد واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل ہوگئی جس میں ایک مشتبہ شخص کو بیگ کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے جس میں ممکنہ طور پر بم تھا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق مشتبہ شخص کی نقل و حرکت کی تصاویر بنگلور کے بروک فیلڈ میں واقع رامیشورم کیفے اور آس پاس کے سی سی ٹی وی کیمروں سے حاصل کی گئی ہے۔ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ مشتبہ شخص اپنی شناخت چھپانے کی ہر ممکن کوشش کررہا ہے۔ اس نے چہرہ پر ماسک اور گلاس لگایا ہوا ہے اور سر پر ٹوپی پہنی ہوئی ہے تاکہ اس کی شناخت نہ کی جاسکے۔ایک اور اطلاع کے مطابق مشتبہ شخص کو حراست میں لے کر اس سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے تاہم اس سلسلہ میں ابھی سرکاری طور پر کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔

پولیس نے ملزم کی فوری گرفتاری کا یقین ظاہر کیا۔ اس سلسلہ میں غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ اور دھماکہ خیز مواد ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا اور تحقیقات زور و شور سے جاری ہیں۔بنگلورو پولیس کے مطابق دھماکہ ایک دیسی ساختہ دھماکہ خیز ڈیوائس (آئی ای ڈی) کی وجہ سے ہونے کا امکان ہے، جبکہ ایک گاہک نے اپنا بیگ جان بوجھ کر رامیشورم کیفے میں چھوڑ کر چلا گیا۔ ہوسکتا ہے کہ بیگ میں ٹائم بم نصب کیا گیا تھا۔