بنگلہ دیش لیجائی جانے والی براؤن شوگر ضبط

   

اگرتلہ: تریپورہ پولیس نے ریاست کے گیٹ وے چورائی باڑی میں تین افراد کو گرفتار کرکے ا ان کے پاس سے 10 کروڑ روپے مالیت کی بھاری مقدار میں براؤن شوگر ضبط کی۔ شمالی تریپورہ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ بھانوپا چکرورتی نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ منشیات کی کھیپ کی نقل و حرکت کے بارے میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر پولیس نے 19 اگست کو قومی شاہراہ پر 16 چوکیاں قائم کیں اور پیر کے روز آسام میں رجسٹرڈ ٹاٹا سومو میں براؤن شوگر کی ایک بڑی کھیپ لے کر تین افراد تریپورہ میں داخل ہوئے لیکن پولیس چیکنگ سے بچنے میں وہ ناکام رہے ۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ نے کہا “گاڑی کی تلاشی کے دوران ہم نے 1.3 کلو گرام براؤن شوگر ضبط کی، جسے گاڑی کے اندر ڈبے میں چھپاکر رکھا گیا تھا۔ ہم نے تین افراد کو گرفتار کیا ہے جن کی شناخت عبدالعلی (28)، سمن کرشنا داس (21) اور پرسن جیت داس (23) کے طور پر کی گئی ہے ۔ تریپورہ کے سیپاہیجالا ضلع کے سونامورا سب ڈویژن کے تحت باکس نگر میں یہ ضبطی اور گرفتاری عمل میں آئی۔ ملزمان سے پوچھ گچھ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ہیروئن میانمار سے ا سمگل کی گئی تھی اور یہ کھیپ بنگلہ دیش میں اسمگل کرنے کی نیت سے میزورم سے جنوبی آسام کے راستے تریپورہ لائی گئی تھی۔ ملزمان طویل عرصے سے بین الریاستی منشیات فروشی کی سرگرمیوں میں ملوث تھے ۔ ایک مقامی عدالت نے منگل کو تینوں گرفتار افراد کو تین روز کی پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا۔