رائے پور: اپل ترنگا (99رنز) ، کپتان تلکارتنے دلشان (33رنز ، 3 وکٹیں ، 2 کیچ) کے شاندار مظاہرہ کی بنیاد پر سری لنکا لیجنڈس نے چہارشنبہ کو یہاں شہید ویر نارائن سنگھ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش کو42 رنز سے شکست دے کر روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز پوائنٹس ٹیبل میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے ۔سری لنکا کی پانچ میچوں میں یہ چوتھی جیت ہے ۔ ان کے اکاؤنٹ میں 15 پوائنٹس ہیں اور اب تک وہ 12 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست انڈیا لیجنڈز کو پیچھے چھوڑ چکے ہیں۔ یہ بنگلہ دیش لیجینڈس کی یہ مسلسل تیسری شکست ہے ۔ سری لنکن لیجنڈس نے بنگلہ دیش کے سامنے 181رنز کا سخت چیلنج پیش کیا جس کا پیچھا کرتے ہوئے بنگلہ دیش 20 اوور میں 6 وکٹوں پر 138رن ہی بنا سکی۔ اس کی جانب سے محمد ناظم الدین نے 41 گیندوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے سب سے زیادہ 54 رنز بنائے ۔ خالد مسعود 22 گیندوں پر ایک چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 28 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ ہوئے ۔اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں پر 180 رنز بنائے تھے ۔ اس میں اپل ترنگا کے شاندار 99 رنز شامل ہیں۔ ترنگا نے 47 گیندوں کا سامنا کیا اور 11 چوکے اور 5 چھکے لگائے ۔سری لنکا نے اچھی شروعات کی۔