بنی نوع انسان کا مستقبل بہتر بنانے کرہ ارض کا تحفظ ضروری

,

   

نئے افق دریافت کرنے کیلئے ہمیں جدوجہد کرنا ہوگا
عالمی چیالنجوں کو قابو میں کرنے انفرادی اور اجتماعی کوششیں
جی 20 میں کلیدی کردار ادا کرنے سعودی فرمانروا شاہ سلمان کا عزم

جی ۔20 چوٹی کانفرنس 2021 ء کی قیادت اٹلی کے حوالے

ریاض : سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز ال سعود نے کہا کہ بنی نوع انسان کے مستقبل کو بہتر بنانے کیلئے کرہ ارض کا تحفظ کرنا ضروری ہے ۔ جی ۔20 کی 15 ویں چوٹی کانفرنس کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اپنے عوام اور دنیا بھر کی اقوام کے دلوں میں اطمینان اور امید کے چراغ روشن کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں ۔ سعودی عرب کی میزبانی میں منعقدہ جی ۔20 چوٹی کانفرنس میں کئی ممالک کے سربراہ سے خطاب کرتے ہوئے شاہ سلمان نے کہا کہ گزشتہ 2 روز کے دوران آپ تمام قائدین نے اس کانفرنس میں شرکت کی ہے جس کے ہم ممنون و مشکور ہیں ۔ شاہ سلمان نے کہا کہ سعودی عرب بین الاقوامی تعاون کیلئے جی ۔ 20 ممالک کے ساتھ ملکر کلیدی رول ادا کرتا رہے گا ۔ عالمی چیالنجوں کو قابو کرنے میں انفرادی اور اجتماعی کوششیں بھی فیصلہ کن ثابت ہوں گی ۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے کہا کہ مستقبل کی خاطر ہمیں دنیا بھر کے انسانوں کو بااختیار بنانے کے ساتھ کرہ ارض کے تحفظ اور نئے اُفق دریافت کرنے کیلئے جدوجہد کرنی ہوگی ۔ سال 2020 ء کے دوران ہم نے کافی مثبت پیشرفت کی ہے ۔ کورونا وائرس کی وباء سے پیدا ہونے والے چیالنجس سے نمٹنے کیلئے ہم نے اپنے عہد و پیما کو پورا کیا ہے ۔ جی ۔ 20 کی کامیابی کا راز جذبہ تعاون ہی ہے ۔ ہم تمام ممالک کے درمیان تعاون کے خواہاں ہیں ۔ ہر وقت ساری دنیا کو خوش و خرم رکھنے کیلئے ازسرنو تازہ کوششیں کی جانی چاہئیے۔ ہم نے ایسی پالیسیاں اختیار کی ہیں جن کی بدولت بحرانی حالت سے دنیا بھر کے کئی ممالک باہر آنے لگے ہیں ۔ شاہ سلمان نے جی ۔

20 ممالک سے واضح طور پر کہا کہ دنیا کی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے ہمیں متحد ہوکر کام کرنا ہوگا ۔ مضبوط ، پائیدار، جامع اور متوازن معیشت کا ہدف حاصل کرنے کیلئے ہماری پالیسیاں کارگر ثابت ہورہی ہیں ۔ بین الاقوامی تجارتی نظام سب کیلئے موزوں بنانے کی جانب بھی کام کیا جارہا ہے ۔ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقدہ جی ۔ 20 چوٹی کانفرنس کے آخری دن اتوار کو شاہ سلمان نے ماحولیات اورکرہ ارض کے تحفظ کو اولین ترجیح دینے پر زور دیا ۔ انہوں نے اپنے ورچول پیام میں کہا کہ سعودی عرب قابل تجدید توانائی کے فروغ کیلئے بہت بڑے منصوبے بنارہا ہے ۔ اس منصوبے کے تحت ملک کی برقی طلب کو 2030ء تک 50 فیصد پورا کرلیا جائے گا ۔ عالمی قائدین نے اس کانفرنس میں اتفاق کیا کہ وہ ماحولیات کے مسائل سے نمٹنے کیلئے ایک دوسرے کا ساتھ دیں گے ۔شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے 2021ء میں جی ۔20 کی قیادت کی باگ ڈور وزیراعظم اٹلی کے حوالے کی ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اٹلی جی 20 گروپ کی قیادت کامیابی سے انجام دے گا ۔ ہم اس کی ہرممکن مدد کیلئے تیار ہیں ۔ شاہ سلمان نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار سعودی عرب کو جی ۔20 کی قیادت کا اعزاز حاصل ہوا ہے ۔