بودھن کے مضافات میں آبرسانی کیلئے موثر اقدامات کی ہدایت

   

ذخیرہ آب بلال تالاب کا معائنہ ، رکن اسمبلی پی سدرشن ریڈی کا دورہ

بودھن /27 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) گذشتہ روز سہ پہر رکن ا سمبلی بودھن پی سدرشن ریڈی نے بودھن شہر کے مضافات میں واقع ذخیرہ آب بلال تالاب کا مقامی قائدین شیخ محی الدین پاشاہ گنگاشنکر ناگیشور راؤ شرت ریڈی دامودھر ریڈی کے علاوہ چیرمین اردو اکیڈیمی ریاست تلنگانہ طاہر بن حمدان ، مہی پال ریڈی، ایم موہن ریڈی کے ہمراہ دورہ کیا اور محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں سے موجودہ سطح آب کے تعلق سے تفصیلات دریافت کی ۔ عہدیداروں نے رکن اسمبلی بودھن کو تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ تالاب میں فی الفور ساڑھے نو فٹ پانی کا ذخیرہ موجود ہے جبکہ مکمل سطح آب بارہ فٹ ہے ۔ سدرشن ریڈی نے محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں کو حلقہ اسمبلی بودھن کے عوام کی آبی ضرورتوں کی تکمیل کیلئے ذخیرہ آب نظام ساگر سے ساگر میں موجود فاضل پانی بودھن کے بلال تالاب اور علی ساگر تالاب کے علاوہ دیہی علاقوں میں موجود تالاب میں پانی چھوڑنے کی ہدایت دی ۔ سدرشن ریڈی نے میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ سابقہ بی آر ایس دور حکومت میں نالوں پر غیر مجاز قبضوں کے باعث تالابوں سے کھیتوں تک پانی کی سربراہی میں خلل پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سال فصلوں کی کٹوائی کے بعد پانی کے نالوں پر کئے گئے غیر مجاز قبضوں کو برخواست کرنے خصوصی مہم چلائی جائے گی ۔ بند نالوں کا پھر سے احیاء کئے جانے کے بعد زراعت کے علاوہ عوام کو پینے کے پانی کے حصول میں آسانی ہوگی ۔ سدرشن ریڈی نے ضلع کلکٹر نظام آباد سے خواہش کی کہ عوام کو آبی سربراہی یقینی بنانے ہنگامی طور پر موثر اقدامات اٹھائیں ۔ سدرشن ریڈی نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں درجہ حرارت میں اضافہ ہونے کی وجہ سے تالابوں میں جمع آبی سطح میں کمی آسکتی ہے۔ انہوں نے بلال تالاب میں جنگلی پودوں کی کثرت کو دیکھ کر عہدیداروں کو ان پودوں کی فوری نکاسی کیلئے عصری طریقوں کے استعمال کی ہدایت دی ۔