غریب عوام خانگی دواخانوں میں علاج کیلئے مجبور ، توجہ ضروری
بودھن : بودھن کے ضلع ہاسپٹل میں حسب ضرورت ڈاکٹرس اور عملے کی کمی کے باعث بودھن ڈیویژن کی عوام کو علاج معالجہ کیلئے مجبوراً خانگی دواخانوں کا رُخ کرنا پڑ رہا ہے جہاں غریب مریضوں کو علاج معالجہ کیلئے اپنی استطاعت سے زیادہ اخراجات برداشت کرتے ہوئے قرض کے بوجھ میں مبتلا ہونا پڑ رہا ہے ۔ زچگی کیلئے سرکاری دواخانے میں گیاناکالوجیسٹ ڈاکٹرس نہ ہونے کی وجہ سے حاملہ خواتین کو خانگی دواخانے سے رجوع ہونا پڑ رہا ہے جہاں زچگی کے بعد دواخانے سے رخصت ہونے تک تیس تا چالیس ہزار روپئے خرچ برداشت کرنا پڑ رہا ہے ۔ ضلع کلکٹر اور آر ڈی اور ضابطہ کارروائی کے تحت ہاسپٹل کا دورہ کرتے رہتے ہیں لیکن ان کی ہاسپٹل کے انتظامی اُمور پر کوئی گرفت نظر نہیں آتی ۔ یہاں مقامی عام آدمی پارٹی کے صدر جنید احمد خلیل اور نظیر علی ڈبو رکن بلدیہ بودھن نے اچانک گورنمنٹ ہاسپٹل بودھن کا دورہ کیا اور عوامی شکایات کا جائزہ لینے کے بعد انھوں نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ اپنے بیان میں ضلع کلکٹر نظام آباد سے بودھن گورنمنٹ ہاسپٹل میں ڈاکٹرس کی مخلوعہ جائیدادوں پر ڈاکٹرس کا فوری تقرر کرنے کا مطالبہ کیا۔