حیدرآباد۔/21 جولائی، ( سیاست نیوز) چارمینار پولیس اسٹیشن حدود میں حسینی علم شاد کیفے کے قریب بونال جلوس میں شامل افراد نے انتہائی شر انگیزی کی۔ اس موقع پر 17 سالہ آفریدی نامی نوجوان کو روک کر جئے شری رام کے نعرے لگانے پر مجبور کیا گیا جو وہاں سے گذر رہا تھا۔ نوجوان نے نعرے لگانے سے انکار کیا جس پر مبینہ طور پر بھوپیش اور دیگر افراد نے نوجوان کوزدوکوب کیا اور اسے زخمی کردیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچ گئی اور لڑکے کو عثمانیہ ہاسپٹل منتقل کیا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرکے مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جن افراد کوٹاسک فورس پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے حراست میں لیا تھاان کے افراد خاندان اور رشتہ دار چارمینار پولیس اسٹیشن پر جمع ہوگئے۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں کچھ دیر کیلئے ماحول کشیدہ ہوگیا تھا۔علاقہ میں صورتحال کو پُرامن رکھنے کیلئے پولیس پکیٹ تعینات کردیا گیا جبکہ پولیس کی پٹرولنگ میں شدت پیدا کردی گئی ہے۔