بوڈ اُپل میں قحبہ گری کا اڈہ بے نقاب

   

اصل سرغنہ خاتون اور گاہک گرفتار ، اسپیشل آپریشن ٹیم کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 19 جولائی ۔ (سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ میڈپلی بوڈ اُپل میں چلائے جارہے قحبہ گیری کے ایک ریاکٹ کو اسپیشل آپریشن ٹیم نے بے نقاب کردیا ۔ گراہک کے بھیس میں بھانڈا پھوڑکر پولیس نے اصل سرغنہ خاتون اور ایک گراہک کو گرفتار کرلیا جبکہ اس جسم فروشی کے ریاکٹ سے 2لڑکیوں کو آزاد کروالیا ۔ ملکاجگیری اسپیشل آپریشن ٹیم اور مقامی پولیس نے ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی انجام دی ۔ پولیس نے اس جسم فروشی کے ریاکٹ کو جو منظم انداز سے چلایا جارہا تھا بے نقاب کرنے کے لئے گراہک کا بھیس بدل لیا اور دھاوا کیا ۔ بتایا جاتا ہیکہ ایس او ٹی پولیس نے اس کارروائی میں 22 سالہ این سندھیا ساکن ایریا نگر کالونی بوڑاپل اور اس ریاکٹ کی آرگنائزر بتائی گئی ہے کے علاوہ گراہک 24 سالہ رمیش ساکن گول ناکہ کو گرفتار کرلیا اور دو لڑکیوں کو آزاد کروایا بتایا جاتا ہے کہ خاتون آرگنائزر سندھیا کرایہ پر مکان حاصل کرتی تھی اور اس میں جسم فروشی کا کاروبار کرتی تھی ۔ یہ شاطر خاتون اکثر اینڈی پینڈینٹ مکانات کو کرایہ پر حاصل کرتی تھی اور چند ماہ کے بعد مکان خالی کردیا کرتی تھی اور اپنے جسم فروشی کے کاروبار کو دوسرے مقام پر سے چلاتی تھی ۔ اس نے کرایہ کے مکانات کو حاصل کرنے کیلئے اپنا نقلی شوہر بھی بنایا تھا ۔ یہ خاتون اپنے ساتھی کو شوہر ظاہر کرتی تھی اور مکان مالکین سے بات چیت میں ساتھ لے جایا کرتی تھی اور موبائیل فون کے ذریعہ گراہکوں کو راغب کرتی تھی ۔ اس خاتون کے یہاں اکثر گراہک ریگولر کسٹمر کی حیثیت رکھتے تھے ۔ جنھیں یہ راغب کرتے ہوئے اپنی سہیلیوں سے جسم فروشی کروایا کرتی تھی ۔ گراہکوں سے بڑی رقم حاصل کرتی تھی اور اس کا کچھ حصہ جسم فروشی میں ملوث کردہ اپنی سہیلیوں کو بھی دیا کرتی تھی ۔ ایس او ٹی نے اس ریاکٹ کو بے نقاب کردیا ۔