بچن پانڈے سے سیلفی تک ، سال میں 5 فلمیں ناکام

   

ممبئی ۔ بالی ووڈ اداکار اکشے کمار سال بھر پردے پر نظرآئے۔ ان کی دو فلمیں ہر سال ریلیز ہوتی ہیں لیکن گزشتہ چند سال سے اکشے کمار کی قسمت انہیں پریشان کررہی ہے۔ جس کا نتیجہ ہے کہ اداکار نے گزشتہ ایک سال میں بچن پانڈے سے لیکر سیلفی تک 5 ناکام فلمیں سینما گھروں میں پیش کیں۔ گزشتہ ہفتہ ہی اکشے کی نئی فلم سیلفی ریلیز ہوئی ہے لیکن یہ فلم اداکار کے کیریئر کے لیے تباہی ثابت ہوئی۔ یہ فلم اکشے کے کیرئیر کی سب سے کم بزنس کرنے والی فلم ہے۔اگر دیکھا جائے تو سال2021 میں روہت شیٹی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم سوریاونشی کے بعد اکشے کمار نے ابھی تک کوئی فلم ہٹ نہیں دی۔ اکشے کے کریئر گراف کو دیکھیں تو اب لگتا ہے کہ ایک ساتھ کئی فلموں کی کشتی میں سوار ہونا ان پر بہت بھاری پڑرہا۔ اکشے کمارکی سیلفی کی ریلیز کے چوتھے دن بھی فلم 10کروڑ بھی کمانے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ ایسے میں اب اکشے کمار کو سوچنے کی اشد ضرورت ہے۔