آخرت کی تیاری نہ کرنا بہت بڑی غلطی، یلاریڈی میں مسجد عثمانیہ شاپنگ کامپلکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب
یلاریڈی ۔ 24 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اللہ رب العزت کی عبادت نماز مساجد میں اداکرنے میں فضیلت زیادہ ہے نماز ہی وہ واحد عبادت ہے جسکو اللہ تعالی’ نے وحی بھیج کر نہیں بتایا بلکہ سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنے پاس عرش پر بلاکر دیا جس سے نماز کی اہمیت کا پتہ چلتا ہے۔ یلاریڈی میں مسجد عثمانیہ شاپنگ کامپلکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے مفتی خلیل احمد امیر جامعہ نظامیہ نے اپنے خطاب میں ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج سے پچاس سال قبل تعلیم نہ ہونے کی وجہہ سے جہالت تھی اور آج تعلیم کا معقول انتظام ہے اور ہر فرد تعلیم سے آراستہ ہورہا ہے پھر بھی جہالت ہے۔ اس لئے بچوں کو پہلے مسلمان بنائیں پھر دنیا کی اعلی’ تعلیم دلائیں۔ صرف دنیا کیلئے ہی سب کچھ حاصل کرلینا اور آخرت کیلئے کچھ تیاری نہ کرنا بہت بڑی غلطی ہے۔ کل قیامت کے دن یہ نہیں پوچھا جائیگا کہ دنیا میں کتنے بنگلہ بناکے آیا ہے۔ کتنی دولت کماکے آیا ہے بلکہ یہ ضرور پوچھا جائیگا کہ اپنی اولاد کی اچھی تربیت کیوں نہیں کی۔ انھیں دین سے کیوں واقف نہیں کروایا۔ نیک صالح اولاد ماں باپ کا بہترین سرمایہ ہے اسی لئے اپنی اولاد کی اچھی تربیت کی فکر کریں۔ جسکا تمہیں ثواب بھی ملے گا۔ اچھی تربیت پر بندوں کے حقوق سے واقفیت ہوتی ہے۔ پڑوسی کا خیال کرو خواہ وہ غیر مسلم ہی کیوں نہ ہو۔ ایکدوسرے کی مدد کرنا بھی ہر مسلمان کیلئے ضروری ہے۔ اچھی تربیت سے ہی بچوں کو تمام حقوق کا علم ملیگا ورنہ ماں باپ کے حق کا بھی اسے علم نہ رہیگا جو آجکل عام ہوچکا ہے۔ اولاد کی اچھی تربیت والدین پر فرض ہے۔ سید شاہ عزیز اللہ قادری شیخ المعقولات جامیہ نظامیہ نے اپنے خطاب میں دنیا کی دولت روح نکلتے ہی کسی کام کی نہیں اور اللہ کی محبت میں خرچ کی گئی دولت آخرت میں کام آنے والی ہے۔ نماز کو اعلی درجہ کا فرض کہا اس کی ادائیگی ہر حال میں ضروری کہاہے۔ سید شاہ نعمت اللہ قادری سابق صدر مودب جامعہ نظامیہ نے اپنے خطاب میں مساجد کیلئے تعاون کرنے کی فضیلت پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر غوث محی الدین موظف صدر مدرس مرحوم کے فرزندان محمد جمیل احمد، محمدجلیل احمد، محمد مدثر احمد کی جانب سے مسجد عثمانیہ احاطہ میں چار ملگیات تعمیر کرکے برائے ایصال ثواب مسجد کو وقف کئے جانے پر اس شاپنگ کامپلکس کا افتتاح مفتی خلیل احمد کے دست مبارک سے عمل میں لایا گیا۔ مرحوم غوث محی الدین کے فرزندان کے اس کار خیر کی ستائش کی گئی اور کامپلکس کا وقف نامہ مسجد کمیٹی صدر کے حوالے کیا گیا۔ مرحوم کی سالانہ فاتحہ کے موقع پر نماز عصر سے قبل منعقدہ پروگرام میں قصیدہ بردہ شریف کا اہتمام کیاگیا۔ جدید تعمیر کئے گئے شاپنگ کامپلکس میں قرآن خوانی کی گئی۔ بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم میں نعت کا نذرانہ پیش کیا گیا اور سلام پڑھاگیا۔ اس تقریب میں سید شاہ فہیم اللہ قادری، سید شاہ قدرت اللہ قادری، سید شاہ رحیم اللہ قادری، سید شاہ انوار اللہ قادری، مفتی انوار اللہ قادری، سید شاہ انعام اللہ قادری، قاری سید خلیل اللہ قادری، حافظ سید رفیق اللہ قادری، مسجد کمیٹی صدر محمد جلال ہاشمی، مسلم ویلفیر کمیٹی صدر شیخ غیاث الدین، مدرسہ انوارالعلوم عباسیہ صدر کمیٹی اعجاز احمد مسرور ہاشمی، قاضی محمد افضل حسین ودیگر موجود تھے۔ بعد نماز مغرب اردو گھر میناریٹی فنکشن ھال میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔