بچوں کے ادب کے بغیر، ادب کا کوئی تصور نہیں :ارتضی کریم

   

نئی دہلی، 5ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی یونیورسٹی کے فیکلٹی آف آرٹ کے ڈین اور صدر شعبہ اردو پروفیسر ارتضی کریم نے کہا کہ بچوں کے ادب کے بغیر ادب کا کوئی تصور نہیں کیا جاسکتا ہے اور جس زبان کے بھی ادیب ہوں انہوں نے اپنی ادبی زندگی بچوں کے ادب شروع کی ہے ۔ یہ بات نانہوں نے آج یہاں ‘بچوں کا ادب: سمت و رفتار’ کے عنوان سے چار روزہ عالمی کانفرنس کے سلسلے میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ بچوں کے لئے لکھنا اور بچوں کاادب تخلیق کرنا سب سے مشکل کام ہے کیوں کہ بچوں کیلئے لکھنے کے لئے بچوں کی سطح پر اترنا ہوتا ہے ۔ انہوں نے ‘گل بوٹے ’ کی ہمت کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ اس نے آئندہ ہونے والے اس کانفرنس کے لئے بچوں کے ادیبوں کو جمع کرنے اور انہیں منظر عام پر لانے کی بے لوث کوشش کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ شمالی ہندوستان کے پاس سب کچھ ہے لیکن جذبے کی کمی ہے اور جنوبی ہندوستان کے پاس کچھ نہیں ہے لیکن ان کے پاس جذبہ ہے جس کی وجہ سے وہ کامیاب ہے ۔