بھابی کے شادی سے انکار پر دیور کی خودکشی

   

حیدرآباد۔/6ستمبر، ( سیاست نیوز) شہر میں ناجائز تعلقات کے عبرتناک انجام کا ایک اور واقعہ پیش آیا جہاں شادی سے بھابی کے انکار پر دیور نے خودکشی کرلی۔ بوئن پلی پولیس حدود میں پیش آئی اس واردات سے سنسنی پیدا ہوگئی جہاں پردیپ نامی شخص نے خودکشی کرلی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق پردیپ اس کے حقیقی بھائی شیوا کے ہمراہ رہتا تھا۔ علی کامپلکس میں یہ لوگ زندگی بسر کررہے تھے۔ پردیپ کی شادی نہیں ہوئی تھی جو اپنے بڑے بھائی شیوا اور اس کی بیوی ریتو کے ساتھ رہتا تھا۔ گذشتہ چند عرصہ سے ریتو اور پردیپ کے درمیان ناجائز تعلقات پیدا ہوگئے تھے اور اس بات کا علم ریتو کے شوہر شیوا کو نہیں تھا۔ گذشتہ چند روز سے پردیپ ریتو پر شادی کیلئے دباؤ ڈال رہا تھا اور اپنے بڑے بھائی سے قطع تعلق کرنے اور اس سے شادی کیلئے ضد کررہا تھا لیکن ریتو نے انکار کردیا جس سے دلبرداشتہ ہوکر پردیپ نے خودکشی کرلی۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ع