بھارت جوڑو نیائے یاترا ملک کاسیاسی منظر بدل دے گی

,

   

14 جنوری کو امپھال سے آغاز ، 100 لوک سبھا اور 337 اسمبلی حلقوں کا احاطہ ، پارٹی اجلاس میں مختلف امور پر غور

نئی دہلی:کانگریس نے جمعرات کو کہا کہ پارٹی لیڈر راہول گاندھی کی قیادت میں جنوب سے شمال تک بھارت جوڑو یاترا کے بعد مشرق سے مغرب تک ہونے والی بھارت جوڑو نیائے یاترا ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔ اس سے ملک کا سیاسی منظر نامہ بدلے گا۔بھارت جوڑو نیائے یاترا /14 جنوری کو منی پور کے دارالحکومت امپھال سے شروع ہوگی جو 6713 کلو میٹر کا سفر طئے کرے گی ۔ یاترا کے تحت 100 لوک سبھا اور 337 اسمبلی حلقوں کے علاوہ 110 اضلاع کا احاطہ کیا جائے گا ۔ کانگریس کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جے رام رمیش نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ آج کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور راہول گاندھی نے ایک اہم میٹنگ کی ہے جس میں پارٹی کے ریاستی صدر اور مقننہ پارٹی کے لیڈران موجود تھے ۔ میٹنگ میں 2024 کے انتخابات کی تیاریوں اور منی پور اور ممبئی کے دوران راہول گاندھی کے سفر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس سے قبل راہول گاندھی کی قیادت میں کنیا کماری سے کشمیر تک 4000 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئے ایک طویل ‘بھارت جوڑو یاترا’ نکالی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ ‘‘بھارت جوڑو یاترا’’ نے پورے ملک کا ماحول بدل دیا تھا اور کانگریس کارکنوں میں نئی توانائی بھر دی تھی۔ یہ یاترا پارٹی اور ملک کی تاریخ میں سنگ میل ثابت ہوئی تھی۔ آج کی میٹنگ میں متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ 14 جنوری سے شروع ہونے والی راہول گاندھی کی اس یاترا کا نام ‘بھارت جوڑو نیائے یاترا’ ہوگا۔ بھارت جوڑو یاترا نے ملک بھر میں جو پیغام دیا ہے ، ہم اس یاترا کی مدد سے اسے آگے بڑھائیں گے ۔ رمیش نے کہاکہ ‘‘راہول جی اس بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران عوام کے سامنے سماجی، اقتصادی اور سیاسی انصاف پر اپنے خیالات پیش کریں گے ۔بھارت جوڑو نیائے یاترا کے روٹ کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ یاترا منی پور سے ممبئی تک 14 جنوری سے 20 مارچ تک ہوگی۔ یاترا منی پور میں ایک دن میں 107 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔ ناگالینڈ میں 257 کلومیٹر 2 دن، آسام 833 کلومیٹر 8 دن، اروناچل ریاست 55 کلومیٹر ایک دن، میگھالیہ 5 کلومیٹر ایک دن، مغربی بنگال 523 کلومیٹر، بہار 425 کلومیٹر،جھارکھنڈ 804 کلومیٹر، اڈیشہ 341 کلومیٹر، چھتیس گڑھ 536 کلومیٹر، اتر پردیش 1,074 کلومیٹر 11 دن، مدھیہ پردیش 698 کلومیٹر 7 دن،راجستھان 128 کلومیٹر ایک دن، گجرات 445 کلومیٹر پانچ دن اور مہاراشٹرا 480 کلومیٹر چار دن کے لیے طے کرنے کے بعد 20 مارچ کو ختم ہو جائے گا۔