6 ضمانتوں پر عمل آوری کا تیقن، دیپا داس منشی نے فیروز خاں کی ستائش کی
حیدرآباد۔/24 جنوری، ( سیاست نیوز) اسمبلی انتخابات میں حلقہ اسمبلی نامپلی سے معمولی ووٹوں کے فرق سے شکست کے بعد کانگریس امیدوار محمد فیروز خاں نے عوامی رابطہ کی مہم کو جاری رکھا ہے۔ تلنگانہ امور کی اے آئی سی سی انچارج دیپا داس منشی نے نامپلی اسمبلی حلقہ میں بھارت جوڑو یاترا کے آغاز کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ نامپلی کی طرح شہر کے دیگر اسمبلی حلقہ جات میں بھی قائدین کو عوامی رابطہ کی مہم کا آغاز کرنا چاہیئے تاکہ کانگریس کی 6 ضمانتوں سے استفادہ کیلئے عوام میں شعور بیدار کیا جائے۔ پرجا پالنا کے تحت 6 ضمانتوں کی درخواستوں کے ادخال کے سلسلہ میں فیروز خاں اور ان کی ٹیم نے تمام مراکز پر عوام کی رہنمائی کی تھی۔ بھارت جوڑو یاترا کے تحت بلدی ڈیویژن ریڈ ہلز اور آصف نگر کا احاطہ کرتے ہوئے فیروز خاں نے عوام سے فرداً فرداً ملاقات کی اور کانگریس حکومت کی کارکردگی کے بارے میں استفسار کیا۔ انہوں نے عوام کو تیقن دیا کہ وعدہ کے مطابق اندرون 100 دن چھ ضمانتوں پر عمل آوری کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حلف برداری کے دو دن بعد دو ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کردیا جن میں خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت اور آروگیہ سری کے تحت 10 لاکھ روپئے تک مفت علاج کی سہولت شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آئندہ ماہ فروری سے مزید تین ضمانتوں پر عمل آوری کی تیاری کررہی ہے جن میں خواتین کو 2500 روپئے ماہانہ امداد، مستحق خاندانوں کو 200 یونٹ مفت برقی سربراہی اور 500 روپئے میں پکوان گیس سلینڈر کی فراہمی شامل ہے۔ انہوں نے آصف نگر ڈیویژن کے مختلف محلہ جات کا دورہ کرتے ہوئے عوامی مسائل کی سماعت کی اور تیقن دیا کہ پرجا پالنا کے تحت داخل کی گئی درخواستوں کی یکسوئی کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ 6 ضمانتوں پر عمل آوری سے غریب اور متوسط طبقات کو بڑی حد تک راحت ملے گی اور مالی بوجھ کم ہوگا۔ بھارت جوڑو یاترا کا عوام کی جانب سے استقبال کیا جارہا ہے اور عوام کانگریس حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔1