بھوانی نگر میں مسلم نوجوان پر حملہ پر کانسٹبل کا تبادلہ

   

انسپکٹر پولیس سے وضاحت طلبی، کمشنر سے محمود علی کی بات چیت
حیدرآباد۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کمشنر پولیس انجنی کمار کو ہدایت دی کہ بھوانی نگر پولیس اسٹیشن کے حدود میں پولیس کانسٹبل کی زیادتی اور مدینہ بلڈنگ چوراہے پر آٹو ڈرائیور کے ساتھ غیر انسانی سلوک کے ذمہ دار پولیس عہدیداروں کے خلاف قانونی کارروائی کریں۔ انہوں نے کمشنر پولیس سے کہا کہ ان دونوں واقعات کی جانچ کرکے تحقیقات کی جائے۔ وزیر داخلہ نے بیان میںکہا کہ تلنگانہ پولیس کارکردگی اور بہترین خدمات کیلئے ملک بھر میں شہرت رکھتی ہے لیکن کل شہر میں پیش آئے دو واقعات سے عوام کو تکلیف ہوئی اور انہیں بھی اس کا ملال ہے۔ محمود علی نے کمشنر انجنی کمار سے فون پر بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ پولیس دن رات عوام کیلئے محنت کررہی ہے۔ کورونا وباء کے دور میں پولیس کی خدمات کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ تلنگانہ پولیس کے سینکڑوں افراد کورونا وباء کے دوران اپنی جان قربان کرچکے ہیں۔ ان عہدیداروں اور ملازمین کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ چند غیر ذمہ دار پولیس ملازمین کی حرکت سے محکمہ پر انگلیاں اُٹھ رہی ہیں جو ناقابل برداشت ہے۔ ایسے ملازمین کے ساتھ کوئی رعایت نہ کی جائے۔ اسی دوران کمشنر پولیس نے بھوانی نگر پولیس اسٹیشن سے وابستہ کانسٹبل کے این شیوا کمار کا تبادلہ کرتے ہوئے سی اے آر ہیڈ کوارٹر تعینات کیا ہے۔ کانسٹبل کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کی گئی۔ انسپکٹر پولیس بھوانی نگر این وینکٹیشورلو سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔