بھونگیر میں وزیر داخلہ محمد محمود علی کی پریس کانفرنس

   


بھونگیر 9 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھونگیر میں عرس تقاریب میں شرکت کیلئے دوپہر میں ریاستی وزیر داخلہ محمود علی نے شرکت کی۔اس موقع پر مقامی مسلم قائدین بالخصوص سابق ضلع وقف کمیٹی رکن محمد شریف نے ضلع یادادری بھونگیر میں موجود وقف جائیدادوں کے تحفظ کیلئے نمائندگی کی۔ جس پر وزیر داخلہ محمود علی نے کہا کہ ضلع یادادری بھونگیر میں موجود تمام اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے عنقریب اجلاس منعقد کرتے ہوئے ریاستی وقف بورڈ کو ضروری ہدایت دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کسی قسم کی کوئی وقف پروٹیکشن کمیٹی تشکیل نہیں دی گئی ہے۔اگر کوئی خود کو وقف پروٹیکشن کمیٹی کے صدر و اراکین کے طور پر پیش کرتے ہوئے کسی کو ہراساں کرے تو وہ محکمہ پولیس وریاستی وقف بورڈ چیرمین سے شکایت درج کروائے۔ایسے اشخاص پر کاروائی کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ وقف جائیدادوں پر قابض کسی فرد کو بخشا نہیں جائیگا۔وقف جائیدادوں کی خرید وفروخت ممنوع ہے۔وقف جائیدادوں پر غیر مجاز قابضین کو ہٹایا جائیگا۔وقف جائیدادوں کے تحفظ کیلئے حکومت سنجیدہ ہے۔