بھینسہ، پولیس چھاؤنی میں گنیش جلوس

   

بھینسہ : بھینسہ میں گنیش وسرجن جلوس کا آغاز بھٹی گلی گنیش نگر منور کاپو سنگم گنیش مورتی کی پوجا سے کیا گیا۔ صبح کے اوقات میں نمرجن پوائنٹ گڈّننا واگو پراجکٹ پر نمرجن کیا گیا جہاں بلدیہ کی جانب سے تمام انتظامات کئے گئے تھے۔ بھینسہ کو مکمل طور پر پولیس چھاؤنی میں تبدیل کرتے ہوئے مسلم محلوں چودھری گلی، مارکٹ گلی ودیگر محلوں کی لکڑیوں کے ذریعہ ناکہ بندی کرتے ہوئے تقریبا چھ سو پولیس عملے بشمول خواتین پولیس کو تعینات کرتے ہوئے سخت بندوبست جاری ہے اور فائر انجن گاڑیوں کو بھی متحرک رکھا گیا جبکہ گنیش جلوس گذرنے والے راستوں پر موجود مساجد اور مسلم مجاہدین آزادی کے قائدین کی تصاویر کو عارضی اور احتیاطی طور پر کپڑوں سے ڈھانک دیا گیا ہے اور پولیس کی جانب سے وجرا گاڑی کو گشت کرواتے ہوئے صبح 11:30 بجے تمام کاروباری اور تجارتی اداروں کو بند کروا دیا گیا جبکہ شہر کے حساس مقام پنجہ شاہ سہ راہا پر ضلع ایس پی سی ایچ پراوین کمار، آئی پی ایس ایڈیشنل ایس پیز ریتو راج ،کرن کھرے بھینسہ ایڈیشنل ایس پی وینکٹیشورلو نے ڈرون کیمروں کو فضاء میں اڑاتے ہوئے مشاہدہ کیا جبکہ اس علاقے کو مکمل پولیس چھاؤنی میں تبدیل کردیا گیا۔ ہمارا سہارا یوتھ بھینسہ کے تحت جی ڈی آر ملٹی اسپیشلٹی ہاسپٹل کے تعاون سے جذبہ انسانیت و ہمدردی اور گنگا جمنٰی تہذیب کا بہترین مظاہرہ پیش کرتے ہوئے بٹر ملک اور پانی تقسیمکیا گیا۔ اس موقع پر ریاستی صدر قاضی ایوب احمد کے علاوہ ممبران محمد مبین سْہیل، محمد ابراہیم ، ارشاد حْسین ،کاشف تمجید ، محمد شعیب اظہر، محمد حامد کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔گنیش جلوس گذرنے والے راستوں پر برقی سربراہی کو بند کردیا گیا تادم تحریر بھینسہ میں گنیش وسرجن جلوس جاری ہے، جلوس کے دوران بلدیہ دفتر کے روبرو مقامی رکن اسمبلی جی وٹھل ریڈی اپنے حامیوں کے ہمراہ رقص کرتے دیکھے گئے۔