بھینسہ :آج رام نومی شوبھا یاترا ، پولیس چوکس

   

فوجی دستوں کا فلیگ مارچ ، افواہوں پر دھیان نہ دینے عوام سے اے ایس پی کی اپیل

بھینسہ ۔16 اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) رام نومی کے موقع پر شوبھا یاترا جلوس کے لیے ہندو واہنی تنظیم کو بھینسہ پولیس کی جانب سے اجازت نہ دیئے جانے ہندوواہنی تنظیم نے تلنگانہ ہائیکورٹ میں درخواست داخل کی جس پر تلنگانہ ہائیکورٹ نے بھینسہ میں رام نومی شوبھا یاترا جلوس کیلئے مشروط اجازت دی اور ہائیکورٹ کے احکامات پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت دی جس کے پیش نظر بھینسہ میں 17 اپریل بروز چہارشنبہ ہندو واہنی تنظیم کی جانب سے شہر کے پُرانا بازار علاقہ میں واقع گاؤ شالہ سے شوبھا یاترا جلوس نکالا جائیگا جو شہر کے اے پی نگر کالونی میں واقع رام لیلہ میدان پر اختتام پذیر ہوگا ۔ بھینسہ میں رام نومی شوبھا یاترا جلوس کے پیش نظر محکمہ پولیس کافی متحرک دیکھی جارہی ہے کیونکہ بھینسہ اے ایس پی کانتی لال سبھاش پاٹل آئی پی ایس کی نگرانی میں ٹاؤن سرکل انسپکٹر راجہ ریڈی اور سب انسپکٹران محمد شریف ، محمد غوث و دیگر پولیس جوان شہر کے مختلف علاقوں بلخصوص رام نومی جلوس کے آغاز اور گذرنے والے راستوں کا مکمل اور تفصیلی معائنہ کرتے دیکھے گئے علاوہ ازیں بھینسہ میں انتخابی ضابطہ اخلاق اور رام نومی شوبھا یاترا جلوس کے پیش نظر محکمہ پولیس نے عوام میں اعتماد کی بحالی کے لیے سی آر پی ایف اور دیگر نیم فوجی دستوں کے ہمراہ پولیس اسٹیشن سے بڑے پیمانے پر فلیگ مارچ نکالا جو شہر کے مختلف علاقوں میں گشت کرتا دیکھا گیا ۔ اس موقع پر بھینسہ اے ایس پی کانتی لال سبھاش پاٹل آئی پی ایس نے شہر کی عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی افواہوں پر ہرگز دھیان نہ دیں کیونکہ پولیس شہر کے حالات پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے اور سی آر پی ایف ، ٹی ایس ایس پی جوانوں کے علاوہ دیگر مقامات کے پولیس جوانوں کو بندوبست میں تعینات کیا جارہا ہے ۔ انھوں نے جلوسیوں سے بھی اپیل کی کہ تلنگانہ ہائیکورٹ کے احکامات اور پولیس ہدایات پر سختی سے عمل آوری کریں ۔ انھوں نے شہر کے امن و امان کے لیے پولیس کا تعاون کرنے کی تمام سے خواہش کی۔